Home » 2019 » October » 08

Daily Archives: October 8, 2019

’ دُرج‘ پر پابندی منصوبہ بندی اور ذاتی رنجش ہے، شمعون عباسی

کراچی: ہدایت کار و اداکار شمعون عباسی نے اپنی آنے والی فلم ’ دُرج‘ کی ریلیز پر پابندی کے حوالے سے کہا ہے کہ فلم پر پابندی مکمل منصوبہ بندی اور ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔

شمعون عباسی نے ایکسپریس ٹریبیون سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتداء میں فلم سندھ اور پنجاب سنسر بورڈ سے کلیئر ہوگئی تھی تاہم سینٹرل بورڈ کی جانب سے بغیر اطلاع دیے اچانک ہی پابندی عائد کردی گئی، اس ضمن میں مزید معلومات حاصل کیں تو ایک سرٹیفکیٹ دیا گیا جس میں یہ کہا گیا کہ فلم میں ’ آدم خوری ‘ کا مواد شامل ہے جو کہ ہماری ثقافت اور روایت کے بر خلاف ہے اس لیے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی گئی ہے ، مجھے یہ بتایا جائے کہ جو فلمیں دکھائی جا رہی ہیں کیا وہ ہماری ثقافت کا حصہ ہیں؟

شمعون عباسی نے کہا کہ میں اب تک سمجھ ہی نہیں پا رہا کہ فلم کی منسوخی کی اصل وجہ کیا ہے؟ کیوں کہ فلم میں کوئی بے ہودہ اور نامناسب مواد شامل نہیں، نہ کوئی غیر اخلاقی بات اور نہ تشدد کا کوئی سین ہے، حتیٰ کہ اگر ایک کوئی ایسی بات بھی ہے تو مجھے بتایا جائے میں اسے فلم سے ہٹا دوں گا۔

شمعون عباسی نے تمام معاملے کو ذاتی رنجش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے پتا چلا ہے کہ کچھ لوگ انتظامیہ کو ان کے احاطے میں لگے فلم کا ٹریلر اور پوسٹ ہٹانے کے لیے دھمکا رہے ہیں اور عام طور پر ایسا ہوتا نہیں ہے بلکہ یہ ایک باقاعدہ منصوبہ بندی ہے۔

واضح رہے کہ فلم میں شمعون عباسی اور شیری شاہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم پاکستان بھر میں رواں ماہ 18 اکتوبر کو ریلیز کی جانی تھی جب کہ خلیجی ممالک سمیت امریکا، برطانیہ، کینیڈا، ناروے اور ڈنمارک میں 11 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔

‘براڈ پٹ سے طلاق کے بعد بکھر گئی تھی’

ہولی وڈ اداکار براڈ پٹ اور اینجلینا جولی کی جوڑی اس حد تک کامیاب مانی جاتی تھی کہ مداحوں نے ان کی جوڑی کو ‘برینجلینا’ کا نام دے دیا تھا۔

اینجلینا اور براڈ کا افیئر 2005 میں شروع ہوا، اس دوران وہ فلم ‘مسٹر اینڈ مسز’ کی شوٹنگ کررہے تھے، اس وقت براڈ پٹ شادی شدہ بھی تھے، ان کی اہلیہ ہولی وڈ اداکارہ جینفر انسٹن تھیں۔

اینجلینا جولی پر اس سال یہ الزام بھی لگایا گیا تھا کہ ان کی وجہ سے براڈ پٹ اور جینفر انسٹن کی شادی شدہ زندگی خراب ہوئی، البتہ اینجلینا نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

تاہم اس کے اگلے سال ہی اینجلینا نے اعلان کیا تھا کہ وہ اور براڈ پٹ کے درمیان تعلقات قائم ہیں اور وہ جلد ماں بھی بننے والی ہیں۔

2012 میں ان دونوں نے منگنی کی جبکہ 2014 میں ان کی شادی ہوئی، ان کے 6 بچے بھی ہیں، جن میں سے تین کو انہوں نے گود لیا۔

تاہم 2016 میں ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی جبکہ 2017 میں طلاق کے ساتھ ان کا 12 سالہ تعلق ختم ہوگیا جس کی وجہ اینجلینا جولی کا براڈ پٹ پر منشیات کے استعمال اور بچوں پر تشدد کے الزامات تھے۔

ان کی طلاق کے متعلق کئی خبریں میڈیا پر سامنے آئیں لیکن دونوں اداکاروں نے اس حوالے سے کھل کر بات کرنے سے گریز کیا۔

لیکن اب اداکارہ اینجلینا جولی اپنی طلاق کے حوالے سے متعدد انٹرویوز کے دوران کھل کر بات کررہی ہیں۔

اینجلینا جولی اس وقت اپنی فلم ‘میلیفسنٹ 2’ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اس ہی حوالے سے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے براڈ پٹ سے اپنی طلاق پر بات کی۔

اینجلینا جولی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ براڈ پٹ سے ہوئے بریک اپ نے ان کی شخصیت کو بالکل تبدیل کردیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میں قسمت کے بارے میں نہیں جانتی، لیکن اتنا ضرور کہہ سکتی ہوں کہ میں اب واپس خود کو حاصل کررہی ہوں، کیوں کہ میں کھو چکی تھی، اس طلاق نے مجھے بکھیر دیا تھا’۔

اینجلینا کے مطابق ‘میرا رشتہ براڈ سے ختم ہوچکا تھا، جب ہم الگ ہوئے تو میں خود کو پہچان ہی نہیں پا رہی تھی، میں بہت زیادہ ٹوٹ چکی تھی، لیکن میں نے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا’۔

البتہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ان کے بکھر جانے کی وجہ صرف براڈ پٹ سے طلاق نہیں تھی بلکہ وہ اپنی صحت سے متعلق بھی کافی مسائل سے دوچار تھیں۔

چند روز قبل براڈ پٹ نے بھی نیو یارک ٹائمز کو دیے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ اینجلینا سے طلاق کے بعد وہ منشیات کی عادت کو ختم کرنے کی کوشش میں لگے رہے۔

حال ہی میں یہ رپورٹس بھی سامنے آئیں تھی کہ براڈ پٹ کے ‘سکھ روحانی پیشوا خاتون’ کے ساتھ تعلقات استوار ہورہے ہیں، البتہ اداکار نے خود اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

عدنان صدیقی نے ملی نغمے کی دھن بجا کر ایوارڈ تقریب اپنے نام کرلی

ہوسٹن: معروف اداکار و ہدایت کار عدنان صدیقی نے ہم ایوارڈ کی تقریب میں قومی نغمہ ’ یہ وطن تمھارا ہے‘ کی دھن بجا کر ایوارڈ تقریب اپنے نام کرلی۔

ان دنوں امریکی شہر ہیوسٹن ساتویں ہم ایوارڈز کی تقریب کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں پاکستان شوبز انڈسٹری کی تمام نامور شخصیات موجود ہیں۔ تقریب میں بہت سے فنکاروں نے اپنے جوشیلی پرفارمنس دکھا کر شائقین سے داد سمیٹی وہیں کئی فنکار ایسے بھی ہیں جنہوں نے منفرد پرفارمنس کے ذریعے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

ایوارڈ کی تقریب میں جہاں عاصم اظہر نے اپنے لباس کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا تودوسری جانب عدنان صدیقی نے بھی شہنشاہ غزل مہدی حسن کا مشہور نغمہ ’یہ وطن تمھارا ہے‘ کی دھن بجا کر محفل میں سماں باندھ دیا۔

عدنان صدیقی نے بانسری کے ذریعے نغمے کی دھن بجائی تو محفل میں بیٹھے تمام ہی شائقین اور مہمان اداکار کے ساتھ ہم آواز ہو گئے۔ ویڈیو میں عدنان صدیقی دھن بجاتے ہوئے آبدیدہ بھی نظر آئے جو کہ وطن سے محبت کی عکاسی کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری ہونے کی بعد لوگوں نے اداکار کے فن کی خوب تعریف کی۔

مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تومعاملات کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تومعاملات کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اوراب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے امریکی ارکان سینیٹ کرس وان ہولین اور میگی حسن نے ملاقات کی جس میں امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید، ناظم الامور پال جونز  بھی شامل تھے۔ امریکی وفد نے آزاد کشمیر کے دورے کے بعد ذاتی مشاہدے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے مسئلہ کشمیرپرتعاون کرنے پرسینیٹرز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ بھارت نہیں جو میں سمجھتا تھا، مودی نے بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں تبدیل کردیا ہے، میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا سب سے بڑا ہامی تھا لیکن اب جب تک بھارت کشمیر کے حالات بہتر نہیں کرتا مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھ سکتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت ہندو سپرمیسی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں، معاملات کسی بھی سطح پر جا سکتے ہیں اور اگر معاملات خراب ہوئے تو دنیا کے لیے پریشانی ہوگی اور اب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔

افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم  نے کہا کہ اس پر  مرحلہ وار بات چیت ہونی چاہیے، طالبان چاہتے ہیں کہ امن ہو اور امریکا بھی چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن ہو۔

اس موقع پرامریکی سینیٹرز کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ پر  کشمیراورافغان امن عمل آگے بڑھانے پرزوردیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سرکاری دورے پرچین پہنچ گئے

بیجنگ: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جہاں وہ چین کی عسکری قیادت اور پیپلز لیبریشن آرمی کے کمانڈر سے ملاقاتیں کریں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین اور کمانڈر سدرن تھیٹر کمانڈ سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں آرمی چیف ساتھ ہوں گے۔

جج ویڈیو کیس؛ نوازشریف نے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی

اسلام آباد: نوازشریف نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں جج ارشد ملک اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ ہمیں نوٹس کیے بغیر اور موقف سنے بغیر سپریم کورٹ نے ویڈیو کیس کا فیصلہ دیا اور معاملے کے پیرامیٹرز (حدود) طے کردیئے۔

نواز شریف نے درخواست میں کہا کہ ویڈیو اسکینڈل کے معاملے پر ہمارا موقف بھی سنا جائے، سپریم کورٹ نے جو ویڈیو اسکینڈل میں فیصلہ دیا اُس سے ہمارا حق متاثر ہوا، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ہمارا موقف سنا جائے اور عدالت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ  اسلام آباد ہائی کورٹ کو اختیار ہے کہ وہ اس ویڈیو کے منظرِ عام آنے کے بعد جج ارشد ملک کی طرف سے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو دی جانے والی سزا کا از سر نو جائزہ لے۔

فضل الرحمان كا حكومت کے خلاف آزادی مارچ اسلام آباد ہائی كورٹ ميں چيلنج

ویب ڈیسک: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان كے حكومت كے خلاف آزادی مارچ كو اسلام آباد ہائی كورٹ ميں چيلنج كر ديا گيا۔

اسلام آباد كے ایک شہری نے اسلام آباد ہائی كورٹ ميں درخواست جمع كرائی ہے جس ميں سيكریٹری داخلہ، سيكریٹری تعليم، اليكشن كميشن، جمعيت علما اسلام (ف) كے سربراہ مولانا فضل الرحمان، چيئرمين پيمرا اور ڈپٹی كمشنر اسلام آباد كو فريق بنايا گيا ہے۔

درخواست ميں كہا گيا ہے كہ اسلام آباد ہائی كورٹ نے اسلام آباد ميں احتجاج كے ليے جگہ مختص كرنے كا حكم ديا ہے جب کہ پبلک مقامات اور سڑكوں پر احتجاج آئين و قانون کی خلاف ورزی ہے اس ليے جمعيت علمائے اسلام (ف) كو آزادی مارچ اور دھرنا دينے سے روكا جائے۔

واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد میں آزادی مارچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پورا ملک حکومت کے خاتمے کے لیے اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا جب کہ اپوزیشن جماعتوں کے اشتراک عمل کے لیے رابطوں میں ہیں اور بھرپور اشتراک عمل کے ساتھ اسلام آباد میں یکجا ہونے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

لوگ صبر نہیں کرتے اور 13 ماہ میں کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ صبر نہیں کرتے اور 13 ماہ میں کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں احساس سیلانی لنگر اسکیم کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام کے تحت نادار اور ضرورت مند افراد کو مفت کھانے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا غربت میں کمی کا سب سے بڑا پروگرام ہے جسے چھوٹے شہروں تک بھی پہنچائیں گے، مشکل وقت میں پوری کوشش کریں گے کہ کوئی بھوکا نہ رہے،  لوگ بھوکے سوتے ہیں تو ریاست میں بے برکتی ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شروع میں ریاست مدینہ کے بھی مشکل حالات تھے، حکومت کاروباری، صنعتی اور امیر طبقے کی مدد کر رہی ہے، ان سے ٹیکس اکٹھا کرکے غریبوں پر خرچ کریں گے، لوگوں سے صبر نہیں ہوتا اور کہتے ہیں 13 ماہ ہوگئے کہاں ہے نیا پاکستان۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست پہلے دن نہیں بن گئی تھی بلکہ رسول ﷺ نے جدوجہد کی تھی جس کے نتیجے میں آہستہ آہستہ لوگ تبدیل ہوئے، پاکستان بھی بدلے گا لیکن تبدیلی آہستہ آہستہ آئے گی جب ذہن بدلیں گے، تبدیلی اس وقت آئے گی جب ہم کمزور طبقے کی مدد کریں گے، پولیس کا نظام تبدیل کررہے ہیں تاکہ تھانوں میں ظلم نہ ہو۔

Google Analytics Alternative