- الإعلانات -

ضلع گجرات میں انسداد پولیو مہم کے تمام اہداف کو کامیابی سے حاصل کرلیا گیا ہے،

گجرات(سید عابد علی ) ضلع گجرات میں انسداد پولیو مہم کے تمام اہداف کو کامیابی سے حاصل کرلیا گیا ہے، 16دسمبر سے 18دسمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران 4لاکھ42ہزار 301بچوں کے ہدف کے مقابلے میں ساڑھے 4لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول دیے گئے ۔ ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ڈاکٹرخرم شہزاد نے ڈسٹرکٹ انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر یاسر نے بریفنگ دی جبکہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈی ایم ایس ڈاکٹر آصف محمود، سماجی کارکن خادم علی خادم، زائر ہاشمی بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے 1050 موبائل پولیو ٹیموں نے گھر گھر جاکر کامیابی سے اپنا ہدف پورا کیا، ٹرانزٹ اور فکسڈ ٹیموں نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا جبکہ انتظامی افسران، پولیس، لیبر ڈیپارٹمنٹ، اوقاف ڈیپارٹمنٹ، سوشل ویلفیئر، میونسپل کارپوریشن و کمیٹیوں، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس، این جی اوز، میڈیا، علما کرام کا بھی بھرپور تعاون میسر رہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں متعدد والدین نے بچوں کو پولیو سے قطرے پلانے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے خود ان والدین کے گھر جاکر انکے تحفظات کو دورکیا اور افسران نے اپنے ہاتھوں سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جس کی روک تھا م کیلئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اپنے تمام وسائل بروئے کارلاتے ہوئے بھرپور آگاہی مہم جاری رکھے گی۔