- الإعلانات -

پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے 5 سال سے کم عمر بچی کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم میں 2 لاکھ 60 ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں، مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ 

وزیراعظم نے 5 سال سے کم عمر بچی کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا— فوٹو: پی آئی ڈی 

انہوں نے والدین بالخصوص ماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں اور اگر پولیو ٹیم ان تک خود نہیں پہنچتی تو وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے خود لیکر جائیں، یہ نہ صرف ان کے بچوں کی صحت بلکہ قوم کے لیے ضروری ہے۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان 2 ملکوں میں شامل ہے جہاں آج بھی پولیو کا وائرس موجود ہے، یہ ہمارے لیے شرم کا باعث ہے، پولیو کے باعث پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے اور پولیو کی وجہ سے ملک کا تشخص خراب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کو مکمل شکست دینے کے لیے پوری قوم کو ساتھ دینا ہو گا، انسداد پولیو کی قومی مہم ملک کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم کا پولیو ورکرز کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیو ورکرز نے عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے باوجود اس مہم کو کامیابی سے جاری رکھا اور ایسے علاقوں تک بھی پہنچے جہاں شدید موسمی حالات کے باعث رسائی بہت مشکل تھی۔ 

یاد رہے کہ ملک میں پولیو کیسز کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے اور رواں سال اب تک 98 پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 72 کیسز سامنے آئے ہیں۔ 

سندھ میں 14، بلوچستان میں 7 اور پنجاب میں 5 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔