- الإعلانات -

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے حوالے سے اجلاس

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام میں سماجی فاصلہ یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ پیر کو اسد عمر کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کو روکنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم این ایز علی نواز اعوان، راجہ خرم، کمشنر اور ڈی سی اسلام آباد نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں صحت اور خوراک کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اسلام آباد میں روزانہ 1000 خاندانوں کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد شہر میں تین روزہ کورونا آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ راجہ خرم کی سربراہی میں اسلام آباد میں تین روزہ آگاہی مہم شروع کی جائے گی، عوام میں سماجی فاصلہ یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی، میڈیا اور اعلانات کے ذریعے یہ مہم چلائی جائے گی۔ اسد عمر نے کہاکہ اسلام آباد کے منتخب نمائندے، انتظامیہ اور رضاکار اس مہم میں حصہ لیں گے، رضاکار ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منڈیوں اور خوراک کا نظام متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا، ملک بھر میں صحت، خوراک اور توانائی کی سہولیات متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ اسلام آباد میں یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سینیٹائزر کی بجائے صابن سے ہاتھ دھوئیں، عوام اختیاری طور پر سماجی رابطے کم کر دیں