پاکستان

آرمی چیف کا دورہ،چین کا پاکستان کیلئے ہنگامی بنیادوں پر امداد کا اعلان

آرمی چیف کا دورہ،چین کا پاکستان کیلئے ہنگامی بنیادوں پر امداد کا اعلان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، چین نے ہنگامی طور پر پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے 100 ملین یوآن امداد کا اعلان کردیا ساتھ ہی امدادی کارروائیوں میں فنی تعاون کی پیشکش بھی کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے 2 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، دورے کے دوران آرمی چیف نے چینی وزیر دفاع سے ملاقات کی۔
چینی وزیر دفاع نے کہا کہ چین پاکستان اور فوج کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، سی پیک کی ترقی کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ دینا ہے، منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کا منصوبہ ہے، پاکستان اور پاک چین فوجی تعاون باہمی تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔
چینی وزیر دفاع نے سی پیک منصوبے کیلئے سیکیورٹی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے آرمی چیف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سی پیک منصوبے بر وقت مکمل ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر دفاع نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو بھی سراہا جبکہ آرمی چیف نے چین کے وزیر دفاع کے جذبات اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے پر چینی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف کے دورۂ چین کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔ چین نے ہنگامی بنیادوں پر سیلاب زدگان کے لیے 100 ملین یوآن دینے کا اعلان کردیا جب کہ پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے 100 ملین یوآن دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چینی حکومت پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے مجموعی طور پر 500 ملین یوان امداد دے گی جو پاکستانی روپے میں تقریباً 15 ارب 80 کروڑ روپے بنتی ہے۔
آرمی چیف کی کوششوں سے یو اے ای اور دیگر ممالک سے بھی بین الاقوامی امداد آئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔