سڈنی: آسٹریلیا کے کلب کرکٹر نے آخری اوور میں چھ گیندوں پر چھ وکٹیں لیکر ناقابل یقین کارنامہ انجام دے دیا۔فرانسیسی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق آسٹریلیا میں کلب میچ کے دوران حیرت انگیز منظر دیکھنے کو ملا جب مخالف بولر نے ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم سے ڈرامائی انداز میں یقینی فتح چھین لی۔چالیس اوور کے میچ میں سرفرز پیراڈائز 178 رنز کا تعاقب کر رہے تھے اور 39 اوورز میں 4 وکٹوں پر 174 رنز بناچکے تھے، ٹیم کو جیت کیلئے آخری اوور میں 6 گیندوں پر 4 رنز درکار تھے۔لیکن مدجیرابا نیرنگ کلب کے کپتان گیرتھ مورگن نے آخری اوور میں حیرت انگیز کارنامہ انجام دے کر میچ کا رخ ہی موڑ دیا۔گیرتھ مورگن نے چالیسویں اوور میں چھ گیندوں پر چھ وکٹیں حاصل کیں جس میں پانچ بلے باز گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے یوں سرفرز پیراڈائز کی پوری ٹیم 174 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔آخری اوور میں آوٹ ہونے والوں میں پہلے چار کیچ جبکہ آخری دو بولڈ آؤٹ ہوئے۔ گیرتھ مورگن نے میچ میں صرف 16 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں بھی وہ تیز رفتار 39 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔گیرتھ مورگن کا آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے ’اے بی سی‘ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جب یہ سب کچھ ہوگیا تو امپائر مجھے دیکھتے رہ گئے اور یہ بالکل غیریقینی تھا کیونکہ ایسا پہلے کبھی میں نے نہیں دیکھا تھا۔’اے بی سی‘ کے مطابق اس سے قبل پیشہ ورانہ کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ 5 وکٹیں لینے کا ریکارڈ تھا جو نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر نے 2011 میں ویلنگٹن کے خلاف اوٹاگو کے لیے بنایا تھا۔2013 میں بنگلہ دیش کے کلب کرکٹر الامین حسین اور 2019 میں بھارت کے کلب کرکٹر ابھیمنیو متھن بھی ایک اوور میں پانچ، پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔