- الإعلانات -

عمران خان بڑے ہو کر کیا بنیں گے؟

ASIF-MEHMOOD

عمران خان صاحب کی گاڑی جس طرح پانی میں جاتی اور آتی نظر آئی، یہ آنیاں جانیاں اپنے ساتھ کئی سوال اور بدگمانیاں چھوڑ گئیں لیکن مجھے ان سے کچھ نہیں لینا ، مجھے صرف ایک سوال پوچھنا ہے۔
مجھے یہ بھی بد گمانی نہیں کہ یہ باقاعدہ ایک ویڈیو شوٹ کی گئی تا کہ نیم خواندہ معاشرے کی تماش بین نفسیات کو آسودہ کر کے خان صاحب کے مجروح امیج کو بہتر بنایا جائے،مجھے اس سے بھی کچھ نہیں لینا دینا کہ بنی گالہ کی اس سڑک پر یہ کیسے ممکن ہوا کہ گاڑی کے پانی میں اترنے کی بھی باقاعدہ ویڈیو بنی اور نکلنے کی بھی،پھر فلم سٹار شان کی سی ادا سے خان صاحب بہادری کے سکے گاڑتے جب یہ کہتے سنائی دیے” اللہ اوپر ہے“ تو ذہن میں سوال اٹھا کہ جب جہانگیر ترین سے پانچ کروڑ مالیت کی بلٹ پروف کار تحفے میں قبول کی گئی اس وقت خان اعظم کو علم نہیں تھا کہ اوپر اللہ ہے، وہی سب سے بڑا محافظ ہے اس لیے بلٹ پروف کار کی کوئی ضرورت نہیں، لیکن میں اس سوال کو بھی ذہن سے جھٹک چکا ہوں۔
سر دست صرف ایک ہی سوال ذہن پر دستک دے رہا ہے۔ جان کی امان پاﺅں تو عرض کروں:” عمران خان بڑے ہو کر کیا بنیں گے؟“