- الإعلانات -

سرائے سلطان کا سلطان

uzair-blog

باادب….باملاحظہ ہوشیار ،سلطان اعظم تشریف لاتے ہیں ۔سرائے سلطان یو سی 70کی قسمت ہی پھوٹ گئی چونکہ یہ بادشاہ سلامت کا حلقہ ہے انہوں نے یہاں بلدیاتی انتخابات کا تاریخی ووٹ کاسٹ کرنا تھا اس وجہ سے ایک گھنٹہ پہلے ہی عوام جو کہ شاہ وقت کیلئے کیڑے مکوڑوں سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی ،ان کا داخلہ بند کردیا گیا ۔تقریباً گھنٹے سے زائد تک پولنگ رکی رہی نامعلوم کب جناب ”مغل اعظم “کے من آئے اور وہ ووٹ ڈالنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں ۔اس وجہ سے لگاتار منادی کی جاتی رہی کہ ”ہوشیار“بادشاہ سلامت تشریف لاتے ہیں ۔درباری چلاتے رہے مگر شاید کسی کو ”زنجیرعدل“ تک جانے کی اجازت ہی نہ تھی ۔کوئی کیسے عدل مانگ سکتا تھا ،کوئی کیسے ووٹ کاسٹ کرتا تھا ۔چونکہ شاہ وقت کی شان میں گستاخی ہونی تھی ۔پھر ان کے وزیر موصوف ملا دوپیازہ اچانک نجی ٹی وی پر نمودار ہوئے اور انہوں نے کہا کہ شاہ اعظم کو بہت دھمکیاں ملی ہوئی ہیں ۔اس وجہ سے حفاظتی اقدامات سخت ترین کیے گئے ہیں ۔بیربل نامعلوم کہاں تھا مگر ملا دوپیازہ نے خوب بیان داغے ۔شورمچتا رہا ،ووٹرز چلاتے رہے ،پولیس دھکے دیتی رہی ،مگر کسی نہ سنی ۔یہاں پر عدل جہانگیری یاد آرہا تھا ۔ابک مرتبہ پاکستان میں برطانیہ کی ملکہ عالیہ الزبتھ تشریف لیکر آئیں ۔پورے مری روڈ کو بند کردیا گیا چونکہ ہم شاید ابھی تک ذہنی طور پر غلام ہی ہیں ۔اسی غلامی کی مثال کہیں نہ کہیں دیتے رہتے ہیں بھلا پھر یہاں کیوں نہ اکبر کے دور میں بچہ سقہ کی حکومت یاد آئے اسے ایک دن کی حکومت ملی تھی تو اس نے چمڑے کا سکہ جاری کردیا تھا یہاں تو پورے پانچ سال ملے ہیں ۔پی ٹی آئی نے ایڑی چوٹی کا زور لگا لیا مگر اسے کامیابی حاصل نہ ہوئی لہذا اب تو بادشاہ سلامت پکے ٹھکے ہیں ۔پہلے بھی انہیں اسی بادشاہت نے نقصان پہنچایا تھا اور پھر کہاں سے کہاں پہنچے ۔لہذا جس عوام کو خوار کرنے کی ٹھان رکھی ہے وہ جناب والا دہشتگرد نہیں ہیں ۔کل جب یہ تخت وتاراج ختم ہوجائیگا تو پھر آپ بھی عام عوام ہوں گے پھرشاید عوام آپ کو بھی اسی طرح آگے نہ آنے دیں ۔جس طرح آج آپ نے عوام کو دھتکار کر دوررکھا ۔