- الإعلانات -

سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا

کراچی: ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت بالترتیب 200 روپے اور 171 روپے بڑھ گئی۔

عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 10  ڈالر کا اضافہ ہوا اورعالمی بازارمیں سونا 1553  ڈالر فی اونس کا ہوگیا، قیمت میں اضافے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت کو پر لگ گئے اور بدھ  کے روز مقامی صرافہ مارکیٹوں  میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 200 روپے اور 171 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 89 ہزار 400 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے ساتھ  76 ہزار 646 روپے تک پہنچ گئی۔

اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1070 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 917 روپے 35 پیسے پر مستحکم ہے۔