- الإعلانات -

پاکستان اور ترکی نے سٹریٹجک معاشی فریم ورک پر باضابطہ دستخط کر دیئے

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی نے دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر پیش رفت اور تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے سٹریٹجک معاشی فریم ورک پر باضابطہ دستخط کر دیئے ہیں۔ جمعہ کو یہاں پاک ترکی کاروباری و سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضروری امور مارچ تک مکمل کر لئے جائیں گے اور دونوں ممالک اپریل میں آزاد تجارت کے معاہدے پر مزید بات چیت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک کے تحت دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت کئی دیگر شعبوں میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان ڈیووس میں 16 اور 17 جنوری کو ترکی کے مشیر تجارت اور ان کی ملاقات میں اس فریم ورک پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔ انہوں نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ دونوں ممالک کے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ترک کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے ترکی کی کاروباری برادری سے کہا کہ وہ حلال خوراک، اس کی پراسیسنگ اور مستقبل قریب میں پاکستان سے برآمد کے حوالے سے تعاون کریں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت اور ترکی کے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہا