- الإعلانات -

پاک ترک کسٹمز امورمیں تعاون کیلئے مفاہمت کی دستاویز سے اشیاء اور کارگو کی بین الاقوامی نقل وحرکت سے متعلقہ معلومات اور دستاویزات کا الیکٹرانک طریقے سے تبادلہ ہوگا، ترجمان ایف بی آر

ترکی اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے درمیان کسٹمزکے امورمیں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی دستاویزپر دستخط سے پاکستان اورترکی اشیاء اور کارگو کی بین الاقوامی نقل وحرکت سے متعلقہ معلومات اور دستاویزات کا الیکٹرانک طریقے سے تبادلہ کریں گے۔ ترجمان ایف بی آر نے اتوارکو یہاں جاری بیان میں کہاہے کہ فریقین کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پردستخط ترکی کے صدررجب طیب ایردوان کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ہوئے۔ ترکی کی جانب سے وزیر تجارت اور پاکستان کی طرف سے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر حفیظ شیخ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ ترجمان کے مطابق مفاہمت کی یادداشت کا مسودہ ترکی کی طرف سے موصول ہوا جس کو تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔ یہ مفاہمت کی یادداشت پاکستان اور ترکی کے درمیان کسٹمز تعاون پر ہونے والے سال دو ہزار دوکے معاہدے کے تسلسل کا نتیجہ ہے۔ یادداشت کے تحت دونوں اطراف اشیاء اور کارگو کی بین الاقوامی نقل وحرکت سے متعلقہ معلومات اور دستاویزات کا الیکٹرانک طریقے سے تبادلہ کریں گے۔ دونوں ممالک کسٹمز سے متعلقہ معاملات پر تعاون کو فروغ دیں گے۔ درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ آپریشنز سے متعلق تمام معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ترجمان نے کہاکہ مفاہمت کی دستاویز کے تحت سمگل شدہ اشیائ کے خلاف اور کسٹمز سزاؤ ں پر تعاون کیا جائے گا۔یادداشت کے تحت ایک مشترکہ تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ مفاہمت کی یادداشت پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جاسکے۔ ترجمان نے کہاکہ مفاہمت کی یادداشت کی بدولت ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی چوری کا سدباب ہو گا۔ کارگو کی کلیئرنس تیز تر ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت بشمول ٹرانزٹ تجارت کو فروغ ملے گااور پاکستان کے بین الاقوامی تجارتی پارٹنرز کی حوصلہ افزائی ہو گی