- الإعلانات -

تاجر برادری نے ہر مشکل گھڑی میں مثالی ایثار و جذبے کا اظہار کیا ہے، معاون خصوصی شہزاد اکبر کا خطاب

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کے شکار غریب عوام میں مفت راشن کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے، راشن پیکیج میں آٹا، چاول، گھی اور دالوں سمیت کھانے پینے کی مختلف چیزیں شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر مہمان خصوصی تھے۔ اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد ذوالفقار خان اور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد حمزہ شفقات بھی اس موقع پرموجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کورونا وائرس سے متاثرہ غریب خاندانوں میں مفت راشن کی تقسیم شروع کرکے ایک قابل ستائش اقدام لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہر مشکل گھڑی میں مثالی ایثار و جذبے کا اظہار کیا ہے اور کورونا کے خلاف لڑنے میں حکومت کے ساتھ ان کا تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا حکومت کی حکمت عملی یہ ہے کہ کورونا کو بھی کنٹرول کیا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر ہونے سے بچایا جائے، حکومت کنسٹرکشن اور اس سے منسلک دیگر انڈسریز کو بتدریج کھولنے کیلئے ایس او پیز بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو ایس او پیز بنائے جائیں تاجر و صنعتکار برادری ان پر پوری طرح عمل کرکے اپنی اور اپنے ورکروں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹرز سمیت ہوٹل انڈسٹری کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے بھی حکومت غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو کرایوں اور یوٹیلٹی بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیمبر غرباءمیں راشن تقسیم کرنے کے عمل کو جاری رکھے گا۔ اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل محمد عامر ذوالفقار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان مشکل حالات میں غریب طبقہ کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں تک بغیر کسی ہلڑبازی کے راشن پہنچانے میں اسلام آباد پولیس چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پولیس نے اب تک تقریباً 8000 افراد میں پرامن طریقے سے راشن تقسیم کرنے میں تعاون کیا ہے اور ان کوششوں میں آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کو ماسک، دستانے اور کورونا سے بچاو¿ کا دیگر حفاظتی سامان فراہم کرنے پر ڈی واٹسن اور شاہین کیمسٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری نے ہر ناگہانی آفت کے وقت ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ غریب خاندانوں کو راشن فراہم کرنے میں بھی تاجر برادری اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں کو ان کے دروازے پر راشن پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے کرونا ریلیف کیمپ کے تحت ابتدائی طور پر ایک ہزار خاندانوں میں مفت راشن تقسیم کیا جائے گا جبکہ آنے والے دنوں میں مزید خاندانوں کو راشن فراہم کیا جائے گا تا کہ غریب اپنے آپ کو بے سہارا نہ سمجھیں۔ فاو¿نڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ صنعتکار اپنے ورکروں کیلئے تمام مطلوبہ تمام حفاطتی اقدامات یقینی بنانے کیلئے تیار ہیں، حکومت بتدریج صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں نے 31 مارچ تک اپنے ورکروں کو تنخواہیں دےدی ہیں اور اگر صنعتیں مزید بند رہتی ہیں تو ورکروں کو تنخواہ دینا مشکل ہو گا، حکومت ان مسائل پر ہمدردانہ غور کرے۔ انہوں نے اسلام آباد کی ہوٹل انڈسٹری کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور حکومت سے ان کو حل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ اور ای او بی آئی فنڈ کو بھی موجودہ مشکل حالات میں غرباءکی مشکلا ت کم کرنے کیلئے استعمال کرنے پر غور کیا جائے