- الإعلانات -

ملک میں مصنوعی دانش کے باعث سافٹ ویئر برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں مصنوعی دانش کے باعث سافٹ ویئر برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ منگل کو ٹویٹر پر جاری کئے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ کا ٹاسک سونپا ہے۔ وزیر اعظم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک ٹاسک فورس قائم کر رکھی ہے جس کا میں چیئرمین ہوں ۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دیگر شعبوں میں گہری دلچسپی رکھتا ہوں۔ مصنوعی ذہانت سے متعلق خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔ ٹیکسٹائل، چاول سمیت دیگر اشیاء کی برآمدات میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے لیکن ویلیو ایڈیشن پر توجہ نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ توقع ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے خاتمے کے بعد سافٹ ویئر برآمدات دیگر اشیاء کی برآمدات کے برابر ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بیرون ملک جا کر اربوں ڈالر مالیت کی کمپنیاں قائم کر سکیں گے۔ انڈونیشیا کی دو سال میں اپنی چار ارب ڈالر کی برآمدات 16 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جبکہ ہمارے پاس پڑھے لکھے نوجوان بڑی تعداد میں ہیں اور اس شعبہ میں ترقی کے لئے ہمارے پاس وسیع مواقع موجود ہیں