- الإعلانات -

دنیا کی دس ابھرتی ہوئی معیشتوں میں پاکستان شامل

ایک برطانوی معاشی تحقیقی ادارے بی ایم آئی ریسرچ نے دنیا کی دس ابھرتی ہوئی معیشتوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کا نام بھی شامل ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پیداواری اور تعمیراتی شعبے سب سے زیادہ ترقی کرتے نظر آرہے ہیں ۔

برطانوی ادارے بی ایم آئی ریسرچ نے ان دس ممالک کی فہرست جاری کی ہے کہ جو آئندہ دس برسوں معاشی طور پر تیزی سے ابھرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

ان ممالک میں بنگلادیش ، مصر ، ایتھوپیا ، انڈونیشیا ، کینیا ، میانمار ، نائجیریا ، پاکستان ، فلپائن اور ویت نام شامل ہیں ۔

پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے والے برسوں میں پیداواری مرکز کے طور پر ابھرے گا جبکہ ٹیکسٹائل اور کارسازی کے شعبے سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرتے نظر آرہے ہیں ۔ سستی توانائی کے نتیجے میں پاکستان کے مقامی پیداواری شعبوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا ۔

ادارے کے مطابق یہ ممالک سن 2025 تک عالمی معاشی پیداوار میں مجموی طور پر چار کھرب تیس ارب ڈالر کے حصے دار ہوں گے ۔ ان ممالک کی معاشی ترقی میں سب سے زیادہ کردار پیداواری اور تعمیراتی صنعتوں کا ہوگا ۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان ، بنگلادیش اور میانمار میں نئے تعمیراتی زون تشکیل پارہے ہیں جبکہ سب سے زیادہ ترقی تعمیراتی شعبے میں ہوتی نظر آرہی ہے جس سے شہری آبادیوں میں مزید اضافہ ہوگا اور اس کے نتیجے میں پیداواری صنعتوں کو فروغ ملے گا ۔