- الإعلانات -

آم کی برآمد30ستمبر تک جاری رہے گی، ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

فیصل آباد: پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاہے کہ پاکستان سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، سنگا پور، روس، افغانستان، ہانگ کانگ، نیدر لینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک کو آم کی برآمد30 ستمبر تک جاری رکھی جائے گی اور ا س دوران زیادہ سے زیادہ آم برآمد کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ قیمتی زرمبادلہ حاصل کیاجاسکے۔

انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سیزن کے مقابلے میں رواں سیزن کے دوران2 کروڑ 95 لاکھ ڈالر مالیت کا اضافی آم برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سیزن میں آم کی برآمد ایک لاکھ18ہزار ٹن تھی جس سے3 کروڑ80 لاکھ ڈالر کمائے گئے جبکہ رواں سیزن میں اب تک ایک لاکھ90 ہزار ٹن آم برآمد کر کے7 کروڑ75 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیاگیاہے۔ انہوںنے کہا کہ جدید ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ ہونے کے باعث اس بار امریکا کومقررہ ہدف کے مطابق آم برآمد نہ کیا جا سکا ہے جس سے باغبانوں اور فروٹ ایکسپورٹرز کو بھاری مالی نقصان کاسامنا کرناپڑ اہے۔