- الإعلانات -

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی ، حصص کی مالیت 93 کھرب سے تجاوز

کراچی:پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کے نئے نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ اس ہفتے کے دوران بھی جاری رہا ، ہنڈرڈ انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ، حصص کی مالیت 93 کھرب روپے سے تجاوز کر گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ نے ہفتے کے تمام کاروباری روز تیزی رہی جبکہ ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر ہنڈرڈ انڈیکس 1 ہزار 197 پوائنٹ کے اضافہ سے 46 ہزار 584 کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

حصص کی مجموعی مالیت 206 ارب روپے کے اضافے سے 93 کھرب 33 ارب روپے تک پہنچ گئی ، تاہم کاروباری حجم میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، اوسطاً روزانہ 35 کروڑ 76 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔

مارکیٹ میں مسلسل تیزی کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے پرافٹ ٹیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ، جس کے باعث دسمبر کے دوران اب تک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 12 کروڑ 16 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 23 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کے شئیرز فروخت کیے،، جبکہ اس دوران غیر ملکیوں کی طرف سے 11 کروڑ 27 لاکھ ڈالر کے شیئرز خریدے گئے۔