- الإعلانات -

تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر سعودی عرب پر اعتماد

ریاض : عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کے بعد سعودی عرب کافی پر اعتماد دکھائی دے رہا ہے جبکہ  سعودی وزیر خزانہ نے دعوی کیا ہے کہ 2017 کے دوران وہ تمام معاشی اہداف پورے کر لیں گے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہونے والے بجٹ خسارے پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور 2017 کے میں حکومت ان شعبوں پر خصوصی توجہ دے گی جو خسارے کے باعث متاثر ہوئے ہیں ۔

سعودی عرب کی طرف سے اس بیان کا مطلب عالمی سرمایہ کاروں کو پیغام دینا تھا جن کا خیال تھا کہ سعودی عرب کی تیل سے آمدن میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔

سعودی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اہداف کے حوالے سے مطمئن ہیں اور 2017 کے اختتام تک اپنے معاشی مقاصد میں کامیابی حاصل کر لیں گے ، تاہم معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی صورتحال غیر یقینی رہے گی ، کیونکہ 2017 کے بہت سے معاشی منصوبے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے جڑے ہیں ، اور اگر حالات سعودی عرب کی توقعات کے برعکس رہے تو سعودی حکومت مزید مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔