- الإعلانات -

180 ارب روپے کا پیکج دینے پر اپٹما رہنماؤں نے وزیراعظم کا شکریہ اداکیا

لاہور : برآمدی صنعت کو ایک سو اسی ارب روپے کا خصوصی پیکج دینے پر اپٹما رہنماؤں نے وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور ٹیکسٹائل برآمدات کو بارہ سے بیس بلین ڈالر تک لیجانے کے عزم کا اظہار کر دیا۔

اپٹما ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین اپٹما پنجاب عامر فیاض نے کہا کہ اپٹما ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بقا کیلئے عرصہ دراز سے جدوجہد کر رہی تھی بالاآخر وزیراعظم نواز شریف نے دلیرانہ فیصلہ کرتے ہوئے برآمدی صنعت کیلئے ایک سو اسی بلین روپے کا خصوصی پیکج دیا ہے۔

عامر فیاض نے کہا کہ ایک سو اسی بلین کا پیکج بند پڑی صنعت کو نئی زندگی دے گا، نئے پیکج کے تحت خام مال، مین میڈ فائبر کو ڈیوٹی فری کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپٹما نے وزیراعظم سے پانچ سال میں ٹیکسٹائل برآمدات بارہ سے چوبیس بلین ڈالر تک لیجانے کا وعدہ کیا ہے۔

چیئرمین اپٹما پنجاب سید علی احسان نے کہا کہ پنجاب کی صنعت کو بھی دیگر صوبوں کی صنعتوں کی طرح یکساں قیمتوں پر بجلی و گیس فراہم کی جائے تاکہ ملکی برآمدات میں مطلوبہ حجم کے مطابق اضافہ ممکن ہوسکے۔