- الإعلانات -

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی ،شیئرز کی مالیت 99کھرب سے تجاوز کرگئی

کراچی :پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اس ہفتے مجموعی طور پر تیزی رہی ، شئیرز کی مالیت تاریخ میں پہلی مرتبہ 99 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گئی ، ہنڈرڈ انڈیکس 154 پوائنٹ کے اضافہ سے 49 ہزار 364 پر بند ہوا۔ 

ذرائع کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے دوران کافی اتار چڑھاو دیکھا گیا ، پہلے تین روز مندی اور آخری دو روز تیزی رہی ، ہفتے کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 154 پوائنٹ کے اضافہ سے 49 ہزار 364 پر بند ہوا ، حصص کی مجموعی مالیت 99کھرب 4 ارب روپے سے تجاوز کر گئی اور کاروباری حجم میں 20 فیصد کمی ہوئی۔

اوسطاً روزانہ 38 کروڑ 85 لاکھ شئیرز سے زیادہ کا کاروبار ہوا ، مارکیٹ میں اتار چڑھاو کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے بھی شئیرز کی فروخت میں اضافہ دیکھا گیا ، سات روز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے جتنے شئیرز خریدے اس سے تقریبا 2 کروڑ ڈالر زیادہ مالیت کے فروخت کر دئیے ، جنوری کے دوران اب تک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 4 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ، بیرونی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 15 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کے شیئرز خریدے  اور 20 کروڑ 11 لاکھ ڈالر کے فروخت کیے۔