- الإعلانات -

ماسٹرموٹرزنے ڈیلر نیٹ ورک وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا

کراچی: پاکستان میں چینی اور جاپانی ٹیکنالوجی پر مشتمل ٹرک اور بسیں بنانے والی کمپنی ماسٹر موٹرز نے ملک میں ہیوی وہیکلز کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں اپنا ڈیلر نیٹ ورک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی نے پاکستانی مارکیٹ میں تیزی سے اپنی شناخت بنانے والے اعلیٰ معیار کی ٹیکنالوجی کے حامل ٹرک اور بسوں کی مارکیٹنگ کے لیے جارحانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے گوادر میں کسی بھی اوایم سی کی پہلی مکمل تھری ایس ڈیلر شپ کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے، ماسٹر موٹرز نے بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کو اپنی برانڈز کے اعلیٰ معیار اور ٹیکنالوجی کے بارے میں آگہی فراہم کرنے کے لیے بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کے نمائندوں کے وفد کو پورٹ قاسم پر واقع پلانٹ مدعو کیا۔

اس موقع پر ماسٹر موٹرز کے ایم ڈی ندیم ملک، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عمر پیرزادہ، سینئر جنرل منیجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ محمد سلیمان، سیئر منیجر مارکیٹنگ عظیم شاہ اور سینئر جنرل منیجر پروڈکشن اینڈ پلانٹ عامر لودھی نے بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کے نمائندہ وفد کو پلانٹ پر تیار کیے جانے والے ٹرک اور بسوں، پلانٹ کی پیداواری استعداد اور مارکیٹ میں ماسٹر موٹرز کی تیزی سے ابھرتی ہوئی پوزیشن کے بارے میں معلومات فراہم کیں، وفد نے پلانٹ کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر وفد کو خصوصی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ماسٹر موٹرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عمر پیرزادہ نے بتایا کہ بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کے نمائندوں کو پلانٹ مدعو کرنے کا مقصد انہیں ماسٹر موٹرز کی پیداواری استعداد اور تیار کی جانے والی بسوں اور ٹرکوں کے اعلیٰ معیار سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ مکمل اعتماد کے ساتھ ماسٹر موٹرز کی تیار کردہ بسیں اور ٹرک خریدنے کے خواہش مند ٹرانسپورٹرز اور کمپنیوں کو آٹو فنانسنگ اور لیزنگ کی سہولت فراہم کرسکیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ماسٹر موٹرز کی مارکیٹ میں پوزیشن تیزی سے مضبوط ہورہی ہے اور بڑے شہروں کے بعد اب پنجاب اور خیبرپختون خواہ کے چھوٹے شہروں میں بھی ماسٹر موٹرز کے چھوٹے ٹرکوں کی مارکیٹ مستحکم ہورہی ہے، ماسٹر موٹرز کی بسیں پنجاب کی بڑی ٹرانسپورٹ سروس کمپنیوں کے زیر استعمال ہیں اور گوادر سے کراچی کے درمیان بھی ماسٹر کی آرام دہ بسیں سروس فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم کمپنیوں کے بعد سیمنٹ اور کوئلے کی ترسیل کے لیے بھی ماسٹر موٹرز کے تیار کردہ پائیدار ٹرکوں کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے۔