- الإعلانات -

خیبرپختونخواکاآئندہ مالی سال کابجٹ کل پیش کیاجائے گا

خیبرپختونخواکاآئندہ مالی سال کابجٹ کل پیش کیاجائے گا۔بجٹ کا کل حجم 6سوارب روپے کےلگ بھگ ہے۔صوبائی کابینہ بجٹ اجلاس سے قبل بجٹ تجاویزکی منظوری دے گی ۔

خیبرپختونخوااسمبلی کا بجٹ اجلاس کل دوپہر دوبجے طلب کیاگیاہے،اجلاس کی صدارت اسپیکراسد قیصرکریں گے۔یہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کاپانچواں بجٹ ہے۔

بجٹ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے وزیرخزانہ مظفرسید پیش کریں گے۔صوبائی حکومت کے ابتدائی دو بجٹ امیرجماعت اسلامی سراج الحق پیش کرچکے ہیں جواس وقت وزیرخزانہ تھےتاہم وہ پارٹی کی امارت سنبھالنےکےبعد صوبائی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہوگئے۔

سراج الحق کے بعد ان ہی کی پارٹی کے مظفرسید کویہ ذمہ داری دی گئی ہے،جوتیسری باربجٹ پیش کریں گے، بجٹ اجلاس سے قبل صوبائی کابینہ کااجلاس وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی صدارت میں ہوگا جس میں بجٹ تجاویزاورفنانس بل کی منظوری دی جائے گی۔

آئندہ مالی سال کےبجٹ کامجموعی حجم 600ارب روپےکے لگ بھگ ہےجبکہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 200ارب روپے سے زائد فنڈزمختص ہونےکاامکان ہے۔

آئندہ مالی سال میںبھی تعلیم اورصحت کے شعبوں کے لئے زیادہ فنڈزمختص کیے گئے ہیں ۔ترقیاتی پروگرام میں تعلیم کے لئے141اورصحت کے لئے101ارب روپے مختص کرنےکی تجویز ہے۔

بجٹ میں پراپرٹی اورمختلف سروسزسمیت متعدد ٹیکسزکی شرح میں اضافےکاامکان ہے۔اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کرنےکے اعلان کے باعث بجٹ اجلاس ہنگامہ خیزہونےکاامکان ہے۔