- الإعلانات -

لنگر کھاءو تے ڈنگ ٹپاءو

ملک کے غریب عوام کی حالت کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے یہ اچھا فیصلہ کیا کہ صبح شام سٹیٹ کے خرچ پر ضرورت مند پیٹ کے دوزخ کو بھرلیاکریں اصل میں وہ لوگ جو دہاڑی پر کام کرتے ہیں اگر ان کی دہاڑی نہ لگے تو نہ صرف وہ بلکہ ان کے ساتھ منسلک گھر کے دوسرے افرادبھی مجبوراً فاقے پر مجبور ہو جاتے ہیں یا پھر انہی کی برادری کے لوگ جن کی دہاڑی لگی ہو وہ ایک دوسرے کی بھوک ختم کرنے کا بندوبست کرلیتے ہیں ۔ امیروں سے زیادہ غریبوں میں خدا ترسی زیادہ ہوتی ہے ۔ میرا یہ چشم دید واقعہ ہے کہ ایک سستے سے ہوٹل پر دال روٹی کھاتے ہوئے مزدور نے جب یہ صدا سنی کہ میں نے صبح سے کچھ نہیں کھایا کیونکہ میری دہاڑی نہیں لگی تو کھانا کھاتے ہوئے مزدور نے اس شخص کو جس نے صدا لگائی تھی بازو سے پکڑ کر اپنے پاس بٹھالیا اور کہا ایک روٹی میں نے کھائی ہے اور ایک تم بھی کھالو دال پلیٹ میں رہ گئی ہے گزارا ہو جائے گا ۔ ایسے ہی ہوا اسکا گزارہ ہوگیا میں اس ہوٹل سے تندوری روٹی لینے گیاہوا تھا اس ایثار کے منظر کو میں نے اتنے قریب سے دیکھا کہ مجھے اپنے آپ پر شرم آنے لگی بہرحال ان دونوں کو میں نے پیٹ بھر کر کھانا کھلا دیا دونوں دعائیں دیتے ہوئے شکریہ ادا کرنے لگے ۔ میں یہ سوچ رہا تھا غریب ایک دوسرے کا احساس کرتا ہے ایک نے آدھی روٹی کھا کر اپنے بھوکے بھائی کی بھوک مٹانے کا بندوبست کردیا اللہ ان سے کتنا خوش ہوا ہوگا مجھے یقین ہے اللہ نے دونوں کی اچھی خاصی دہاڑیاں لگانے کا بندوبست کردیا ہوگا وہ رازق ہے اپنی ساری مخلوق کے پیٹ بھرنے کا بندوبست کرتا ہے ۔ انسانوں کے ذریعے دوسرے انسانوں کی حاجت روائی کرتا ہے ۔ یہ کبھی نہیں ہواکہ بندہ صبح سوکر اٹھے تو اس کے تکیے کے نیچے سے ہزار پانچ ہزار کا نوٹ نکل آئے وہ مالک کل محنت کا ثمر ضرور عطا کرتا ہے اس میں دیر تو ہوسکتی ہے لیکن نعوذباللہ اندھیر نہیں ۔ اللہ نے رزق کی تقسیم ہی ایسے رکھی ہے کہ جسکو چاہتا ہے بے حساب عطا فرماتا ہے اور جسکوچاہے نپے تلے رزق سے نوازتا ہے ۔ ان رازوں کو انسان سمجھ نہیں سکتا جسکو چاہتا ہے عرفان عطا فرما دیتا ہے ۔ شقی القلب سے سے رفیق القلب بنا دیتا ہے ایسے بھی ہی جو انسانوں کے دکھ درد کو سمجھتے ہوئے انہیں مشکلات سے نکال کر مسرتوں اور شادمانیوں سے ہمکنار کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں عمران خان کو اللہ نے دولت ، شہرت ، عزت سب کچھ عطا فرمایا لیکن وہ متکبر نہیں ہوا وہ پاکستان کی کشتی کوبھنور سے نکالنے کی جدوجہدکررہا ہے جہاں مثبت انداز فکر ہو وہاں منفی سوچ ابھرنے سے خوفزدہ رہتی ہے ۔ والدہ کی بیماری اورموت نے عمران خان کی زندگی بدل ڈالی ۔ شوکت خانم کینسر ہسپتال کا بنانا اور پھر بڑے شہروں میں اسکی شاخیں آسان کام نہیں مخیر حضرات عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں انکے بھرپور تعاون سے عمران خان کے خوابوں کو تعبیر ملی ایک سال کی حکومت میں انہیں کئی مشکلات کا سامناکرنا پڑا لیکن اس مرد میدان نے ہمت نہیں ہاری بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اگرچہ قابو نہیں پایا جاسکتا لیکن پھر بھی عمران خان کے ذہن پر غریب عوام کی مشکلات کو حل کرنا کا جذبہ مشکل معاشی حالات میں بھی ماند نہیں پڑا ۔ بحریہ دسترخوان تو اس وقت پورے ملک میں کامیابی سے چل رہاہے ۔ سیلانی اور دیگرمخیر حضرات کے بھی دسترخوان چل رہے ہیں ان دستر خوانوں کی خصوصیت یہ ہے کہ چاہے کوئی ہو غریب ہو جسے بھوک لگی ہو وہ دستر خوان پر بیٹھ کر کھانا کھا سکتا ہے پابندی نہیں ۔ لنگر خانہ کھولنے کا کام بہت اچھا ہے اللہ رزق میں اضافہ کرتا ہے ہوسکتا ہے کھانا کھاکر کسی کے دل سے نیک نیتی کے ساتھ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے دعا نکلے اور اللہ ملک کے دن ایسے بدل دے کہ پھر ہر گھر سے لنگر خانہ کھلنے کی رسم چل پڑے ۔ وزیراعظم نے اس سے پہلے پناہ گاہوں کا انتظام کیا تھا جہاں ضرورت مندوں کو رہائش اورکھانا بھی ملے تاکہ دن بھر مشقت کرنے کے بعدرات آرام سے گزار سکیں فٹ پاتھوں اور سڑکوں کے کنارے شب بسری کرنے والوں کو یہ سہولت میسر ہوگئی کہ دوسرے شہروں سے آکر محنت مزدوری کرنے کے بعد ان کیلئے رات کو سکون سے سونے کا بندوبست ہوگیا ۔ رہائش اورکھانا بڑے شہروں میں تو بہت ہی مہنگا ہے ایک غریب مزدوری سے کیا بچائے گا اور کیا اپنے گھر بھیجے گا اس سہولت سے غریب اور مستحق لوگوں کی عملی مددہوسکے گی ۔ حکومت 112لنگر خانے قائم کریگی اور پھر بتدریج اس میں اضافہ بھی ہوگا ۔ مقصد یہ ہے کہ جب تک روزگار کے حالات بہتر نہیں ہوتے حکومت کی طرف سے یہ کوشش ہوگی کہ کوئی شخص بھوکانہ رہے ۔ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے میں یہ اقدام احسن پیش رفت ہے حقیقت میں فلاحیریاست اسے کہا جاسکتا ہے جس میں کوئی ضرورت مند نادار غریب بھوکا نہ سوئے ۔ اسے نہ صرف علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں بلکہ صحت تعلیم اور زندگی کی دیگر اہم ضروریات بھی میسر ہوں ۔ جو ٹیکس امیروں سے وصول کیا جاتا ہے وہ غریبوں کو سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ ہو ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچیں اور ان منصوبوں سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ اسے زندگی کی بنیادی سہولتوں سے مستفیض ہونے کے مواقع بھی بلا امتیاز حاصل ہوں گے ۔ احساس سیلانی لنگر سے فی الحال روزانہ چھ سو افراد سہولت حاصل کرسکیں گے ۔ حکومت یہ بھی چاہتی ہے کہ نوجوان اورخواتین کو نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں بلکہ انہیں کاروبار کیلئے مناسب شرائط پر قرضے بھی فراہم کیے جائیں تاکہ وہ وقت کے ساتھ ساتھ اپنی مدد آپ کے اصولوں پر چلتے ہوئے اپنے پاءوں پرکھڑے ہوسکیں ۔ پبلک اور پرائیویٹ شراکت داری سے حکومت نے ضرورت مندوں کی مدد کا بیڑہ اٹھایا ہے اگرچہ اس شراکت داری سے خیر کی امیدیں ہیں لیکن یہ بھی خیال رہے کہ قوم کے پیسے کو خرچ کرنے کے بعد اسکا حساب بھی دینا پڑے گا ۔ روزانہ ضرورت کے مطابق سبزی ، دال ، گوشت روٹی مہیا کرنے کیلئے پرچیزنگ میں چیک اینڈ بیلنس کی ضرورت کو بھی اہمیت دینا ہوگی ہم تو ایسے لوگ ہیں جو چڑیا گھر کے جانوروں کی خوراک میں بھی ڈنڈی مار کر اپنے گھر کا خرچہ چلانے میں فخر محسوس کرتے ہیں ہم تو پہلے ہی ہڈحرام قوم ہیں قرضہ لے لے کر جعلی امیر کبیر بنتے ہیں اس وقت قرض کی تہیں پیاز کے چھلکے کی طرح ہیں ملک پر قرضہ اتنا بڑھ گیا ہے جسکا اندازہ لگا کر آدمی کے ہوش ٹھکانے لگ جاتے ہیں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ حقیقت میں غریب لوگوں کیلئے قیام، طعام کی سہولتیں ہوں ۔ عام آدمی سے بہت زیادہ ایمانداری کی توقعنہ رکھیں ۔ جتنا جلدہوسکے ہر شہر میں پولی ٹیکنیک سکول کھولے جانے چاہئیں تاکہ دیہاتوں میں رہنے والی وہ نسل جو بیکاری اور سارا دن تفریحات میں وقت ضائع کرتی ہے وہ کوئی ہنر سیکھ کر اپنا کاروبار کرسکے ۔ خلیجی ریاستوں میں ابھی تک ان ہنر مندوں کی بہت ڈیمانڈ ہے ۔ اپنے ملک میں بھی تعمیراتی کمپنیوں کو ا ور دیگر انڈسٹری کوہنر مند افراد کی ضرورت رہے گی لہذا ہر شہر میں ہنر مندی کے تربیتی مراکز قائم کرنے سے وہ نوجوان جو تعلیم میں دلچسپی نہیں لیتے ان کیلئے بھی عزت ، وقار کے ساتھ روزی کمانے کے مواقع پیدا ہوسکیں نئے کارخانے لگانے والوں کیلئے سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ موجودہ حالات میں انوسمنٹ لانا جوئے شیر لانے سے کم نہیں لیکن انوسٹرز کو مختلف محکموں کے چکر لگوا کر تھکانا اور پھر بددل ہوکرواپس چلے جانے والے خدشات پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ملک کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے انڈسٹری کو تحفظ دینے کی ضرورت ہے ان کی جائز مشکلات کو نہ صرف سناجائے بلکہ انہیں حل کرنے کی بھی کوششیں ہونی چاہئیں ۔ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا مقصد ضرورت مندوں کو آسانیاں فراہم کرنا ہے تاکہ وقت کے ساتھ ساتھ وہ اپنی مدد آپ کے اصولوں پرکھڑے ہوں اور لنگر خانوں میں ڈیرے ڈال لیں بلکہ اصل ضرورت مند ہی ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ اس سکیم سے پہلے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے تقریباً آٹھ لاکھ خواتین کی مدد کی جارہی ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ اس تعداد سے صرف 15 فیصد خواتین فائدہ اٹھاتی ہوں گی اس اسکیم پر نظرثانی کی ضرورت ہے سروے کے ذریعہ نئی فہرستیں مرتب کی جائیں اور صحیح ضرورت مند خواتین کو رقوم دی جائیں اس طرح دھوکہ دہی کرنے والے بھی منظرعام پر آجائیں گے ۔ غریبوں کی مدد کیلئے یہ اچھا قدم ہے پناہ گاہیں اور لنگر خانے لیکن فنی تربیت گاہوں کا قیام بھی بہت ہی ضروری ہے تاکہ باوقار انداز سے لوگ روزی کمانے کے قابل ہوسکیں ۔ یہ نہ ہو لنگر کھاءو تے ڈنگ ٹپاءو ۔