- الإعلانات -

بلاول بچہ ،عقل کاکچا،مگر کرپشن میں پکا ہے

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کا کہنا ہے کہ وہ باتیں کم اور کام زیادہ کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ تنقید برائے تنقید کرنے والوں کو عوامی خدمت کے ذریعے جواب دیتے رہیں گے ۔ پنجاب میں تبدیلی کےلئے حقیقی معنوں میں عملی اقدامات کا آغازہو چکا ہے ۔ اب صرف کام، کام اور کام کا وقت ہے ۔ کپتان کی ٹیم پرعزم اورباصلاحیت ہے اور قوم کو درپیش چیلنجز کا پوری تندہی سے مقابلہ کریں گے ۔ وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن خصوصاً بلاول زرداری کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے نام پر ڈاکووَں کے ٹولے نے ملک کو لوٹنے اور اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہ کیا ۔ آج جب یہ اقتدار سے باہر ہیں تو انہیں ملکی فلاح و بہبود کا ہر کام ایک سازش نظر آتا ہے ۔ بلاول بچہ ہے،عقل کاکچاہے،مگر کرپشن میں پکا ہے،اس کے پیچھے آصف زرداری ہیں ۔ بلاول کو دورہ پنجاب میں کچھ حاصل نہیں ہوا ۔ ان لوگوں کی کرپشن کو عوام سمجھ چکے ہیں اب دوبارہ ان کے چنگل میں نہیں پھنسیں گے ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کبھی انتقام کی سیاست نہ کی ہے اور نہ اس پر یقین رکھتے ہیں ۔ وہ اپنے کام سے کام رکھتے ہیں ۔ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں جتے ہوئے ہیں ۔ سابق دور میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ۔ ماضی میں پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ذاتی مفاد کی خاطر استعمال کرکے غلط کلچر کو پروان چڑھایا گیا مگر موجودہ حکومت نے پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں سے سیاسی مداخلت کو ختم کیا اورہر ادارے اور محکمے کو سرکاری امور کی انجام دہی میں آزادی دی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کی سیاست صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے ۔ 3 برس میں پائیدار اور یکساں ڈویلپمنٹ پر توجہ دی ہے ۔ رکاوٹوں کے باوجود عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ نہیں آنے دی ۔ عوام اپوزیشن کی منفی سیاست ہمیشہ کےلئے مسترد کر چکے ہیں ۔ حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے ۔ پنجاب میں مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھا رہے ہیں ۔ گزشتہ دور حکومت میں اربوں روپے کی اشتہار بازی سے نمود و نمائش کی جاتی رہی، لیکن عثمان بزدار نے خاموشی سے کام کرکے دکھایا ہے ۔ سابق دور میں اشتہار بازی پر باون ارب روپے خرچ کیے لیکن بزدار حکومت نے اس طرح کی تشہیر نہیں کی ۔ وزیر اعلیٰ کے چھ کیمپس آفسز کو ختم کرکے صرف ایک آفس تک محدود کیا ۔ وزیر اعلیٰ آفس کے بجٹ میں سینتالیس فیصد کمی کی ۔ تین سال میں کابینہ کے چھیالیس اجلاس کرکے مشاورت سے قومی فیصلے کیے ۔ صحت کا بجٹ 118فیصد بڑھایا گیا ۔ کورونا کے خلاف زبردست حکمت عملی سے جنگ لڑی جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا ۔ جدید ڈی ایچ کیوز بنانے سمیت بتیس ہزار ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھرتی کیاگیا ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی سربراہی میں پنجاب حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہمہ وقت متحرک اورسرگرم عمل رہی ۔ کرونا کی پہلی، دوسری ، تیسری اور چوتھی لہر کے دوران پنجاب میں بروقت اور موثر اقدامات کرکے دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید مثال قائم کی گئی اوراسی دوران چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70 افراد کو 125 کروڑ روپے مالی امدادبھی دی گئی ۔ تعلیم کے میدان میں چھیاسی نئے کالج او ایک سو ساٹھ نئے کالج بن رہے ہیں ۔ پرائمری لیول تک اردو میں تعلیم دی جائے گی ۔ انگریزی کوبطورمضمون پڑھایا جائے گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ مڈل لیول پرسائنس اورآرٹس کے رحجانات متعارف کرائے جائیں گے ۔ تعلیم کے علاوہ اسکولوں میں صاف پانی، اسپورٹس لازمی ہوگی لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ اچھی قوم بنانے کےلئے اچھے اساتذہ بھی ہوں تاکہ وہ قوم کے نونہالوں کو بہتر تعلیم و تربیت دے سکیں ۔ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کیلئے تعلیم، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں اصلاحات ہو رہی ہے جبکہ وزیراعظم کے ایجنڈے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ وزیراعظم کا وژن پرامن، خوشحال ، تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ پاکستان کاضامن ہے ۔ یہ بلاشبہ تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز ہے ۔ اس کی ضرورت ایک مدت سے محسوس کی جا رہی تھی ۔ تعلیم پر سرمایہ کاری سے نئی نسل کا مستقبل روشن ہوگا ۔ طبقاتی تفریق ختم کر کے یکساں تعلیمی نظام کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چولستان کے بچوں کو بھی لاہور کے طلبہ جیسی سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا نئی پالیسی سے تعلیم کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا ۔ وزیراعلیٰ نے زمینی حقائق جاننے کیلئے پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں کے متواتر دورے کئے ۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کیا کسانوں کو ان کی اجناس کا حقیقی معاوضہ دلوایا ۔ پنجاب میں ایک نئی اورقابل تقلید مثال بھی قائم کی گئی ۔ پہلی مرتبہ ارکان اسمبلی سے ملاقات کے بعد ترقیاتی منصوبوں کا ایجنڈا مرتب کیا گیا اورہر ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے درجنوں ملاقاتیں ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر مشاورت کی روایت قائم کی گئی ۔ پنجاب حکومت کے مثالی اقدامات کو جنوبی پنجاب کے شہریوں کےلئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا خصوصی تحفہ قرار دیاجارہاہے جس سے جنوبی پنجاب ترقی کی نئی منازل طے کریگا ۔ پنجاب حکومت نے تاجر اور صنعتکار برادری کیلئے بزنس فرینڈلی ماحول فراہم کیا ہے ۔ پنجاب میں بزنس فرینڈلی ماحول پیدا ہونے سے ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہاہے ۔ بزنس کمیونٹی حکومت پنجاب کے کورونا ریلیف پیکیج اور دیگر اقتصادی اقدامات کو سراہتی ہے ۔ صنعت و تجارت کے فروغ کےلئے بزدار حکومت کا ویژن اور کاوشیں لائق تحسین ہے ۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں سوشل سیکٹر کی ترقی کیلئے تاجروں کو بھی چاہیے کہ حکومت سے بھرپور تعاون کریں ۔