- الإعلانات -

تماشہ

آج کی سیاست لوگوں کو ذات پات ، مسلک اور لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کر رہی ہے۔ اس تقسیم کو ختم کرنے میں اہل قلم کا کردار بہت اہم ہے کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ ’’جب سیاست لڑکھڑاتی ہے تو ادب اسے سنبھالتا ہے۔‘‘ یہ جملہ آج پوری طرح سچ ثابت ہو رہا ہے۔ تاریخ کا یہ سبق ہے کہ جہاں ایک طرف کچھ لوگ سیاست کو پراگندہ کر تے ہیں اور مسلک، فرقہ، ذات اور زبان کی بنیاد پر تقسیم کرکے مفاد پرستی کی سیاست کر تے ہیں، تو دوسری طرف ادیب، شاعرو ادیب اورصحافی اورقلم کا ر کثرت میں وحدت کا پیغام عام کرنے کی کوشش میں مصروف ہوتے رہے ہیں۔ یہ لوگ سماجی ہم آہنگی کیلئے انسانیت، محبت، رواداری اور اتحاد و اتفاق کی شمع روشن کرکے ملک کے شیرازہ کو بکھیرنے کی سیاسی سازش میں ملوث لوگوں کو بے نقاب کرنے اور شعوری بیداری کا فریضہ پورا کرتے ہیں۔ موجودہ ملکی سیاسی صورت حال اتنی سنگین ہو گئی ہے کہ دوست اور دشمن کی تمیز ختم ہوگئی ہے اورعام آدمی کیلئے یہ سمجھ پانا مشکل ہو گیا ہے کہ ملک کا دوست کون ہے اور دشمن کون ہے؟ قومی سطح پر اگر دیکھا جائے تو صاف طور پر یہ نظر آرہا ہے کہ موجودہ سیاست متضاد نظریات سامنے آرہے ہیں میڈیا پرغوغا آرائی ہورہی ہے مختلف ٹاک شوز کے ذریعے تماشا لگا یا جاتا ہے لوگوں کو الجھایا جارہاہے، مسائل کا حل کسی کے پاس نہیں ہے بس لفظی مقابلہ کیا جنگ ہوتی ہے ، زبان درازی کو خوب فروغ مل رہا ہے اور کبھی کبھی نازیباالفاظ کا تبادلہ بھی ہوتا ہے اور اوراس طرح میڈیا عوام کے ذہنوں میں خلفشار پیدا کر رہا ہے اور اس پر خوشی کا اظہار بھی کیا جارہا ہے کہ میڈیا آزاد ہے ۔ فرقہ پرستی اور مسلک پرستی کے جراثیم نے پورے ملک کو آلودہ کردیا ہے۔ جس کے باعث ایماندار اور ذمہ دار شہریوں میں پایہ جانے والا اضطراب اور بے چینی فطری ہے۔ سیاست کے اس خوفناک ماحول نے بہار کے حساس او ربا شعور لوگوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ لوگوں کا سڑکوں پر نکلنا ایک خطرناک علامت ہے۔حکومت کے ساتھ ساتھ سماجی اور ثقافتی اور سیاسی تنظیموں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ بھی فرقہ واریت اور مسلکی منافرت پھیلا کر اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں سے ہوشیار رہنے اور ہر حال میں ہم آہنگی، امن و بھائی چارہ، پیار و محبت اور مشترکہ تہذیبی اقدار کی حفاظت کیلئے عوام کو بیدار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی امن کیلئے ’’جہاں امن کے کانفرنس‘‘ اور روحانی اور پاکیزہ پروگرام کے انعقاد وقت کی ضرورت ہے وہاں قلم کو بطور ہتھیار استعمال کرنے اور ادب اور شاعری کے ذریعے دلوں کو جوڑنا ضروری ہوجاتا ہے۔ یہ بات ثابت شدہ ہے کہ انقلابی جدوجہد کے دوران شعراء اور ادیبوں نے قلم کا استعمال کیا ہے اور ’’ہاتھوں کو مسلح کرنے سے پہلے دماغ کو مسلح ‘‘کرنے کا پیغام پہنچایا ہے۔تاریخ اس کی گواہ ہے کہ مسلمانوں نے ناموافق حالات میں بھی انسانیت کے بنیادی اصولوں سے انحراف نہیں کیا ہے او رہر دور میں وہ محبت و انسانیت کی شمع جلاتے رہے ہیں اور انسانیت کے مابین تفریق کو ختم کرکے ان کو صرف ایک محبوب کے رنگ میں رنگ جانے اور اس کے آگے سر جھکا دینے کا درس دیا ہے اور سچائی پر مبنی یہ پیغام دیا کہ’’ پیار و محبت امن کا راستہ ہے‘‘۔