- الإعلانات -

سوشل میڈیا اسٹار عارف پینٹر کا نیا گانا ریلیز

کراچی: سوشل میڈیا پر اپنی آواز کی وجہ سے شہرت پانے والے عارف حیات کا نیا آفیشل گیت ’ہو کر جدا‘ ریلیز کردیا گیا۔

دور حاضر میں ٹیکنالوجی نے جہاں بہت سے کام آسان کر دیئے ہیں وہی ڈیجیٹل دور کے سوشل میڈیا نے بھی دنیا کو سمیٹ کے رکھ دیا ہے یہاں تک کہ اسی سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے کسی کونے میں چھپا فن بھی اب چھپایا نہیں جاسکتا، پاکستان میں بھی کئی سوشل میڈیا اسٹار اپنے فن کی وجہ سے ان دنوں سوشل میڈیا صارفین کی آنکھ کا تارا بنے ہوئے ہیں۔

معصوم احمد شاہ کو تو سب ہی جانتے ہیں لیکن 2018ء میں اپنی خوبصورت آواز میں گانے کی ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے پینٹر عارف حیات بھی اب کسی اسٹار سے کم نہیں، پاکستان کے اس بیٹے نے جس با کمال انداز سے گیت گئے تو شائقین دنگ ہی رہ گئے۔

عارف حیات کی آواز میں گائے ہوئے چند گیتوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ویڈیوز نے نہ صرف پاکستان میں رہنے والوں کو اپنا گرویدہ بنا دیا بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں عارف پینٹر کی دھوم سنائی دینے لگی یہاں تک کہ سونو نگم بھی عارف کی آواز کے دیوانے ہو گئے اور انہوں نے بھی سوشل میڈیا پر عارف کی ویڈیو شیئر کرکے نہ صرف نیک خواہشات کا اظہار کیا بلکہ اسے اسٹار بھی قرار دیا۔

عارف حیات نے اپنی مقبولیت کے بعد کئی شو میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا تاہم اب اُن کا اپنا ایک اور گیت ’ ہو کر جدا‘ ریلیز کردیا گیا ہے۔ جس کی دھن، بول اور پروڈیوسر کے فرائض صوفیہ نظیر نے انجام دیئے ہیں۔ جب کہ محبت کی داستان پر مبنی چار منٹ 18 سیکنڈ کی اس گانے کی ویڈیو کو بیرون ملک میں پر فضا مقام پر فلمایا گیا ہے۔ ویڈیو میں عارف انتہائی خوبصورت انداز کے ساتھ گانا گاتے دکھائی دے رہے ہیں۔