- الإعلانات -

شاہ رخ خان نے کپل شرما کی فون کال وصول نہیں کی

ہندوستانی کامیڈین کپل شرما کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نئے کامیڈی شو میں سب سے پہلے شاہ رخ خان کو بطور مہمان بلانا چاہتے ہیں تاہم اداکار نے ان کی فون کال وصول نہیں کی.

‘کلرز’ ٹی وی پر کپل کے شو ‘کامیڈی نائٹس ود کپل’ کے اختتام کے بعد اب ان کا نیا کامیڈی شو سونی چینل پر ’کامیڈی اسٹائلز‘ کے نام سے شروع ہونے جارہا ہے۔

قیاس آرائیاں تھیں کہ شاہ رخ خان اس شو کی پہلی قسط میں اپنی فلم ’فین‘ کی تشہیر کرتے نظر آئیں گے۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق کپل شرما کا کہنا تھا ’مجھے بتایا گیا تھا کہ شاہ رخ اس شو میں شامل ہوں گے، میں نے انہیں فون بھی کیا تاہم انہوں نے کال وصول نہیں کی، ہم اپنا پہلا لائیو شو دہلی میں شوٹ کریں گے، شاہ رخ خان کا تعلق بھی دہلی سے ہی ہے اور ان کی فلم فین بھی ریلیز ہونے جارہی ہے تو شاید وہ اس شو میں شریک ہوں‘۔

شوبز کی متعدد شخصیات نے اس سے قبل کپل شرما کے شو میں اپنی فلموں کی تشہیر کے حوالے سے شرکت کی ہے جن میں امیتابھ بچن، سلمان خان، دپیکا پڈوکون اور اکشے کمار وغیرہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کپل شرما کا شو ‘کامیڈی نائٹس ود کپل’ ہندوستان کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی بے حد پسند کیا جاتا رہا ہے تاہم اب اس شو کی جگہ کرشنا ابھیشیک کے شو نے لے لی جس کی وجہ کپل شرما کا چینل انتظامیہ سے جھگڑا بتایا گیا تھا.

اب کپل سونی چینل پر اپنی مکمل ٹیم کے ہمراہ ایک نیا کامیڈی شو کرتے نظر آئیں گے جس کا حال ہی میں پرومو ریلیز کیا گیا.