- الإعلانات -

احد رضامیر کے نکاح کی ویڈیو وائرل، ساتھی فنکاروں کے مبارکباد کے پیغامات

ابو ظہبی: ڈراما سیریل ’’یقین کا سفر‘‘ کی خوبصورت جوڑی احد رضا میر اور سجل علی حقیقی زندگی میں ایک ہوگئے دونوں کو ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے نئی زندگی کی ڈھیروں مبارکباد دی جارہی ہے۔

احد اور سجل کی شادی کی تقریب ابوظہبی کے خوبصورت ضیا نورائی جزیرے پر ہوئی جہاں دونوں کے گھروالوں اورقریبی افراد نے شرکت کی۔

احد اور سجل کی شادی کی تصاویر اورویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ سجل علی سرخ رنگ کے عروسی لباس میں نہایت خوبصورت لگ رہی ہیں جب کہ احد رضامیر بھی کریم رنگ کی شیروانی میں کسی شہزادے سے کم نہیں لگ رہے۔

احد اور سجل کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر شیئر کرایا جارہاہے جب کہ نکاح کی ایک ویڈیو تو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں نکاح خواں غلطی سے احد رضامیر کے بجائے احمد رضامیر کہہ دیتے ہیں اور ایک پل کے لیے دولہا بھی حیران رہ جاتا ہے۔

احد اور سجل کے مداح جہاں ان کی شادی پر بے حد خوش ہیں اور انہیں نیک تمناؤں سے نواز رہے ہیں وہیں شوبز فنکاروں نے بھی دونوں کو نئی زندگی کی ڈھیروں مبارکباد دی ہے۔ اداکار حمزہ علی عباسی نے دونوں کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ تمہاری محبت مزید مضبوط ہو۔

شائستہ لودھی نے سجل علی کو نئی زندگی کی ڈھیروں دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم عمر میں سجل نے اپنی والدہ کو کھو دیا لیکن  آج سجل نے اپنی محبت کو پالیا۔ میں سجل کے لیے خوش بھی ہوں اور فرط جذبات سے میری آنکھوں میں آنسو بھی ہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان، زارانور عباس، ایمن، منال خان، سارہ خان، مومل شیخ، اقرا عزیز سمیت تقریباً تمام فنکاروں نے دونوں کو نئی زندگی کی ڈھیروں مبارکباد دی۔