- الإعلانات -

‘ان کی بھی تو عید ہے!’، ماورا حسین کو لڑکوں کے گھورنے سے متعلق پرانے بیان پر تنقید کا سامنا

پاکستانی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے مارننگ شوز اگرچہ عام طور پر سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنے رہتے ہیں، تاہم عام طور پر ان شوز کی پرانی ویڈیوز بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں ندایاسر کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان کی 2 سال پرانی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں اداکارہ ماورا حسین کو عید خریداری کے دنوں میں لڑکوں کی جانب سے لڑکیوں کو گھورنے پر دلچسپ ریمارکس دیتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

ماورا حسین کی مذکورہ ویڈیو کلپ اگست 2018 کے گڈ مارننگ پاکستان کی ہے جب ان کی فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 ریلیز ہونے والی تھی اور وہ فلم کی تشہیر کے سلسلے میں دیگر اداکاروں کے ساتھ مارننگ شو میں شریک ہوئی تھیں۔

مذکورہ پروگرام میں یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب میزبان ندا یاسر نے عید کی خریداری پر بات کرتے ہوئے پہلے مرد اداکاروں سے پوچھا کہ عید شاپنگ کے بہانے وہ مارکیٹوں میں کیوں جاتے ہیں؟

ندا یاسر نے سب سے پہلے اپنے شوہر یاسر حسین سے سوال کیا کہ عید شاپنگ کے دوران لڑکیاں تو چوڑیاں، مہندی اور میک اپ خریدنے جاتی ہیں مگر لڑکے کیوں جاتے ہیں؟

جس پر یاسر حسین نے کہا کہ ماضی میں لڑکے عید خریداری کے بہانے لڑکیوں کو دیکھنے مارکیٹ جاتے تھے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

# یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: تنہا شو کرنے کے بجائے ندا یاسر کا مہمانوں کے ساتھ پروگرام
اداکار کے جواب پر ندا یاسر نے ان سے پوچھا کہ وہ خود کبھی ایسی نیت سے عید شاپنگ کے دوران مارکیٹ گئے ہیں؟

یاسر حسین نے اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں ایسی نیت سے جاتے رہتے تھے۔

مرد اداکاروں کے دلچسپ جوابات کے بعد ندا یاسر نے خواتین اداکاروں سے بھی یہی سوال پوچھا کہ جب وہ عید خریداری پر جاتی تھیں تو انہیں کوئی لڑکا چھیڑتا تھا؟

جس پر اداکارہ سونیا حسین نے سب سے پہلے کہا کہ ایسا تو کئی سال سے ہوتا چلا آ رہا ہے۔

اسی سوال کے جواب میں اداکارہ ماورا حسین نے بھی اعتراف کیا کہ عید شاپنگ کے دوران لڑکوں کی جانب سے لڑکیوں کو گھورنا معمول ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کا تو یہ مشغلہ رہا ہے، وہ لڑکیوں کو دیکھ کر بڑی آواز میں گاڑیوں میں میوزک بجاتے ہیں، شور کرتے ہیں۔
ماورا حسین نے لاہوریوں کے اس عمل کو عید کا نام دیا اور کہا کہ انہوں نے ایسے رویوں پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔

اسی پر ندا یاسر نے ان سے سوال کیا کہ اب بھی اگر ان کے ساتھ ایسا ہو تو وہ کیا کریں گی؟ جس پر ماورا حسین نے کہا کہ انہیں برا نہیں لگے گا، کیوں کہ ان کی بھی تو عید ہے!

ماورا حسین کے اسی جواب پر نہ صرف پروگرام میں موجود اداکار ہنس پڑے بلکہ پروگرام میں شریک شرکا نے بھی تالیاں بجائیں۔

ماورا حسین کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے ریمارکس پر تعجب کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ کے ایسے عمل کو عید کا نام دے کر درست تسلیم کر رہی ہیں۔