- الإعلانات -

سنجے دت کے بیمار پڑنے سے بولی وڈ کے 735 کروڑ داؤ پر لگ گئے

بولی وڈ بابا سنجے دت کے حوالے سے گزشتہ ہفتے سے خبریں ہیں کہ انہیں تیسرے یا چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہوگیا، تاہم تاحال انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔

سنجے دت میں کینسر کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے ابتدائی طور پر 11 اگست کو خبریں شائع کی تھیں، جن میں کچھ رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اداکار کو تیسرے جب کہ کچھ میں بتایا گیا تھا کہ انہیں چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہوگیا۔

سنجے دت میں کینسر کی تشخیص کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب وہ ایک روز قبل ہی سانس میں تکلیف کے باعث دو دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد ڈسچارج کیے گئے تھے۔

سنجے دت کو 8 اگست کو اچانک سانس لینے میں مشکلات پیش آئی تھیں، جس وجہ سے انہیں ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ دو دن تک زیر علاج رہے۔

ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اگرچہ سنجے دت نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی تھی وہ علاج کی غرض سے چند ماہ تک فلمی مصروفیات سے دور رہیں گے، تاہم انہوں نے اپنی بیماری کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

اسی روز ہی بھارتی میڈیا نے ان میں کینسر کے تیسرے اور چوتھے درجے کی تشخیص کی خبریں دیں اور ایک دن بعد اداکار کی اہلیہ نے بھی شوہر میں بیماری کی تصدیق کی مگر انہوں نے بھی کینسر کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔

خبریں تھیں کہ ممکنہ طور پر اداکار بیرون ملک علاج کروانے جائیں، تاہم تاحال وہ بھارت میں ہی ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر وہ ممبئی کے نجی ہسپتال سے علاج کر وا رہے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سنجے دت کو ممبئی کے کوکیلابن ہسپتال میں جاتے اور باہر آتے ہوئے دیکھا گیا اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ فی الحال ممبئی سے ہی علاج کروا رہے ہیں۔

بعض رپورٹس کے مطابق سنجے دت مکمل مشوروں اور بیماری کی نوعیت معلوم ہونے کے بعد چند دنوں میں ہی بیرون ملک روانہ ہوں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سنجے دت دو دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد 10 اگست کو ڈسچارج کردیے گئے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
تاہم دوسری جانب سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیوں کہ سنجو بابا کم از کم آنے والی 6 فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق سنجے دت آنے والی رومانٹک تھرلر فلم سڑک 2 سمیت کم از کم نصف درجن فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے، جن میں سے دو فلمیں تو ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر سنجے دت کی آنے والی فلموں پر بولی وڈ فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں اور ان کی بیماری کے بعد فلم ساز پریشان ہیں کہ ان کی فلموں کا کیا ہوگا؟

سنجے دت کی فلم سڑک 2، تورباز اور بھج نامی فلمیں ریلیز کیے لیے تیار ہیں اور سڑک 2 کو تو رواں ماہ 28 اگست کو آن لائن ریلیز کردیا جائے گا، جب کہ باقی دونوں فلموں کی بھی جلد ریلیز کا اعلان متوقع ہے۔

مذکورہ تینوں فلموں کے علاوہ سنجے دت کی فلمیں شمشیرا، پرتھوی راج اور کے جی ایف چیپٹر 2 نامی کنڈا زبان کی فلمیں بھی شوٹنگ کے آخری مراحل میں تھیں اور ان فلموں میں سنجے دت کا کردار انتہائی اہم ہے۔

رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی فلم تورباز اور سڑک 2 کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا اور اسی طرح ان کی دیگر فلموں پر بھی بولی وڈ فلم سازوں نے کافی رقم خرچ کر رکھی ہے۔

فلمی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہیں کہ اگر سنجے دت کی بیماری اور علاج طویل ہوا تو مذکورہ فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار بن سکتی ہے اور فلمی سرمایہ کاروں کی رقم کافی عرصے تک ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔