- الإعلانات -

آمنہ الیاس اور داور محمود نے شادی کی خبروں پر وضاحت کردی

جلد ہی اسٹیج پر پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے مقبول ڈرامے ’ان کہی‘ کو تھیٹر کی صورت پر پیش کرنے والی اداکارہ آمنہ الیس اور اداکار داور محمود کے حوالے سے خبریں تھیں کہ دونوں نے شادی کرلی۔

ایک ہفتہ قبل میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں ذرائع سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں اداکاروں نے سادگی سے نکاح کرلیا۔

خبروں میں دونوں اداکاروں کا کوئی حوالہ دیے بغیر ان کے قریبی ذرائع سے بتایا گیا تھا کہ کورونا کے باعث دونوں نے سادگی سے نکاح کو ترجیح دی۔

میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نکاح کے ساتھ ہی آمنہ الیاس کی رخصتی بھی ہوگئی، تاہم ایسی خبریں وائرل ہونے پر دونوں نے اب وضاحت کردی۔

آمنہ الیاس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دونوں نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں دونوں اپنی شادی کی افواہوں پر بات کرتے دکھائی دیے۔

مخٹصر دورانیے کی ویڈیو میں داور محمود کو قدرے جذباتی انداز میں شادی کی خبریں پھیلانے والے افراد پر غصہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ داور محمود کی جانب سے غصے کا اظہار کرنے کے دوران آمنہ الیاس انہیں روکتی ہیں اور وہ شائقین کو آرام سے شادی کی خبروں پر تفصیلات بتاتی ہیں۔

ویڈیو میں آمنہ الیاس نے انکشاف کیا کہ داور محمود کی متعدد گرل فرینڈز ہیں، جس وجہ سے ان کے لیے مسئلے پیدا ہوسکتے ہیں۔

ساتھ ہی ویڈیو میں آمنہ الیاس نے دعویٰ کیا کہ ان کا کوئی بھی بوائے فرینڈ نہیں ہے۔

اداکارہ نے ویڈیو میں لوگوں پر واضح کیا کہ وہ افواہیں پھیلانا بند کریں اور ان کا آنے والا تھیٹر ڈراما ’ان کہی‘ دیکھیں۔

خیال رہے کہ ’ان کہی‘ کو پہلی بار پی ٹی وی پر 1982 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 31 قسطیں تھیں اور اس ڈرامے کو پاکستان کے 20 مقبول ترین ڈراموں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔

اس ڈرامے کے اداکاروں شہناز شیخ، جاوید شیخ، شکیل، سلیم ناصر، بہروز سبزواری اور جمشید انصاری کی بے مثال اداکاری اور دلوں میں گھر کر جانے والے مکالمے آج تک یاد کئے جاتے ہیں۔

جب اس ڈرامے کو نشر کیا گیا تھا اس وقت پی ٹی وی پر حسینہ معین اور شہناز شیخ کا طوطی بولتا تھا اور اس ڈرامے میں بھی ان کا جادو سرچڑھ کر بولا، خاص طور پر شہناز شیخ کی اوٹ پٹانگ حرکتیں ناظرین کے دلوں میں ایسی بسیں کہ آج تک وہی موجود ہیں جبکہ اسی تھیم پر ہندوستان میں کئی فلمیں بھی تیار کی گئیں۔

’ان کہی‘ کو نئے انداز میں تھیٹر کی پروڈکشن کمپنی ’کاپی کیٹس‘ پیش کرے گی اور اس ڈرامے کو تھیٹر انداز میں اداکار داور محمود نے تحریر کیا ہے، جو ڈرامے میں اداکاری بھی کرتے دکھائی دیں گے۔

تھیٹر ڈرامے ’ان کہی‘ میں آمنہ الیاس مرکزی کردار ادا کریں گی، وہ پی ٹی وی کے ڈرامے میں شہناز شیخ کی جانب سے کیا گیا کردار ادا کریں گی۔