- الإعلانات -

سائرہ بانو بولی وڈ اداکاروں کے گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کی معترف

بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے حکومت خیبر پختونخوا (کے پی) کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔

گزشتہ روز محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا تھا کہ صوبائی حکومت نے بولی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کردی ہے۔

ان کے مطابق دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو حکومت خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔

ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔

دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے شوہر کے آبائی گھر کو خریدنے اور اسے میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے میں سائرہ بانو نے کہا کہ میں صوبائی حکومت کی کوششوں میں کامیابی کی خواہش مند ہوں اور پوری امید کرتی ہوں کہ اس بار یہ خواب پورا ہو۔   انہوں نے کہا کہ جب بھی مجھے پشاور میں واقع یوسف صاحب کے آبائی گھر سے متعلق یہ خبر ملتی ہے تو میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے جسے صوبائی حکومت بارہا ایک یادگار میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

سائرہ بانو نے مزیدکہا کہ ماضی میں کئی مرتبہ ایسی خبریں سامنے آئی ہیں اور ہر مرتبہ میں نے حکومت کی جانب سے اس گھر کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے مشن میں ثابت قدمی کو سراہا ہے تاکہ عوام وہاں آئے اور اس گھر کی کشش محسوس کرے جہاں دلیپ کمار صوبے کے ایک لڑکے کی طرح بڑے ہوئے۔