- الإعلانات -

وبا کے باوجود ریلیز ہونے والی پہلی ہولی وڈ فلم ‘ٹینیٹ’ 28 کروڑ ڈالر کا بزنس کرنے میں کامیاب

دنیا بھر کو لپیٹ میں لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے باوجود سینما میں ریلیز ہونے والی پہلی ہولی وڈ فلم ‘ٹینیٹ’ دنیا بھر میں 28 کروڑ ڈالر کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

تیسری عالمی جنگ کو روکنے والے سی آئی اے کے جاسوس کی جدوجہد پر مبنی جاسوس تھرلر فلم ’ٹینیٹ‘ نے امریکی باکس آفس میں 2 ہزار 850 سنیما میں 34 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا جو چوتھے ہفتے کے بعد 41 لاکھ ڈالر سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

’ٹینیٹ‘ گزشتہ ماہ اگست میں وہ پہلی بڑی فلم بنی تھی، جسے کورونا کی وبا کے باوجود یورپ و ایشیا سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

’ٹینیٹ‘ کو ابتدائی طور پر 26 اگست کو جنوبی کوریا اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے وبا کے باوجود اچھی کمائی کی تھی۔تحریر جاری ہے‎

فلم کو امریکا میں 3 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، فلم کی ٹیم نے اسے رواں ماہ کے آخر تک پاکستان میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم ملک میں تاحال سینما ہاؤسز بند ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کی کے مطابق 20 کروڑ ڈالرز لاگت کے بجٹ سے تیار کی گئی وارنر برادرز کی فلم نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں دنیا بھر کی 58 مارکیٹس میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 92 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا۔

امریکا میں تھیٹرز میں ریلیز نہ ہونے والی ڈزنی کی فلم ‘مولان ‘ نےگزشتہ ہفتے کے آخر میں دنیا کی 20 مارکیٹس میں 34 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا اور یہ فلم مجموعی طور پر دنیا بھر میں 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمائی کرچکی ہے۔