- الإعلانات -

ہتک عزت کا دعویٰ: پائل گھوش کا رچا چڈھا سے معافی مانگنے سے انکار

فلم ساز انوراگ کشیپ کے خلاف ‘ریپ ‘ کیس میں نام لیے جانے پر بولی وڈ اداکارہ رچا چڈھا کی جانب سے دائ ہرجانے کے مقدمے میں بھارتی اداکارہ پائل گھوش نے معافی مانگنے سے انکار کردیا۔

رچا چڈھا نے پائل گھوش پر ’ریپ‘ واقعے کو بیان کرنے میں اپنا نام لینے پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

ہرجانے کے مقدمے میں پائل گھوش سمیت ایک نیوز چینل اور نام نہاد فلمی ناقد آر کمال کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

پائل گھوش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی مختلف ٹوئٹس میں رچا چڈھا کی جانب سے دائر کردہ ہتک عزت کے دعوے پر ردعمل دیا۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے کہا کہ ان کا رچا چڈھا سے کوئی لینا دینا نہیں اور خواتین ہونے کے ناطے دونوں کو ایک دوسرے کو سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے میں اپنے یا رچا چڈھا کے خلاف غیردانستہ طور پر کوئی ہراسانی نہیں چاہتیں۔

پائل گھوش کا کہنا تھا کہ انصاف کے لیے ان کی جنگ انوراگ کشیپ کے خلاف ہے۔

پائل گھوش نے کہا کہ انہوں نے وہ کہا جو فلم ساز انوراگ کشیپ نے انہیں بتایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز رچا چڈھا کی جانب سے مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد بومبے ہائی کورٹ کو بتایا گیا تھا کہ پائل گھوش معذرت کرنا چاہتی ہیں اور اپنا بیان واپس لینے کی خواہش مند ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 20 ستمبر کو پائل گھوش نے ایک بھارتی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں رچا چڈھا، ہما قریشی اور ماہی گل کے نام لیے تھے۔

پائل گھوش نے مذکورہ انٹرویو میں فلم ساز انوراگ کشیپ کی جانب سے خود کو ریپ کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے پر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ کس طرح فلم ساز نے انہیں 6 سال قبل 2014 میں استحصال کا نشانہ بنایا۔

پائل گھوش کے مطابق انوراگ کشیپ انہیں اپنے گھر کے ایک کمرے میں لے گئے، جہاں داخل ہوتے ہی فلم ساز نے اپنے کپڑے اتار کر ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے انوراگ کشیپ کو کہا کہ آج وہ اس کام کے لیے تیار نہیں ہیں تاہم فلم ساز نے ان کی بات نہ مانی اور وہ ان کے قریب سے قریب تر آگئے، لیکن انہوں نے مسلسل احتجاج کیا کہ وہ کسی بھی کام کے لیے تیار نہیں ہیں۔

پائل گھوش کے مطابق ان کی مسلسل منتوں کے بعد انوراگ کشیپ مان گئے تاہم ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کو وارننگ دی کہ دوسری مرتبہ وہ ذہنی طور پر تیار ہوکر آئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے انوراگ کشیپ سے دوسری بار تیار ہونے کا وعدہ کرکے اجازت لی اور پھر کبھی ان کے پاس نہیں گئیں اور نہ ہی ان کے موبائل پیغامات کا جواب دیا۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس انوراگ کشیپ کے خلاف کوئی بھی ثبوت نہیں ہے تاہم فلم ساز نے ان کا استحصال کیا تھا۔

پائل گھوش نے دعویٰ کیا تھا کہ انوراگ کشیپ نے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران بتایا تھا کہ ریچا چڈھا، ہما قریشی اور ماہی گل جیسی اداکارائیں ایک فون کال پر تیار بیٹھیں رہتی ہیں۔

اگرچہ ابتدائی طور پر پائل گھوش نے انوراگ کشیپ پر ریپ کرنے کا الزام نہیں لگایا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے فلم ساز کے خلاف ریپ کا مقدمہ دائر کروادیا، جس کی ممبئی پولیس تحقیق کر رہی ہے۔

مذکورہ کیس میں انوراگ کشیپ نے ممبئی پولیس کو بیان بھی ریکارڈ کروادیا ہے جب کہ انہوں نے پولیس کو ایسے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ واقعے والے دن وہ ملک میں موجود ہی نہیں تھے بلکہ وہ شوٹنگ کے سلسلے میں سری لنکا میں موجود تھے۔