- الإعلانات -

فہد مصطفی کو سوشل میڈیا پر پاکستانی چلبل پانڈے کیوں کہا جارہا ہے؟

کراچی: سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کی تصویر پر گرماگرم بحث چھڑگئی ہے اور لوگ فہد مصطفیٰ کا موازنہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور رنویر سنگھ سے کررہے ہیں۔دو روز قبل فہد مصطفیٰ نے اپنی آنے والی فلم’’قائداعظم زندہ باد‘‘کی پہلی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ تصویر میں فہد مصطفیٰ پولیس آفیسر کی وردی میں آنکھوں پر چشمہ لگائے دبنگ پولیس والے بنے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کی تصویر پر صارفین کی جانب سے کیے جانے والے تبصروں نے بحث کی شکل اختیار کرلی ہے کوئی ان کے نئے لُک کو سراہ رہا ہے تو کوئی انہیں بھارتی اداکاروں سلمان خان اور رنویر سنگھ کی کاپی قرار دے رہاہے۔ایک صارف نے کہا دبنگ کی کاپی، کسی نے کہا غریبوں کا رنویر سنگھ۔ جب کہ وجیا نامی خاتون نے فہد مصطفیٰ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا سلمان خان قراردیا۔حفظہ اور زینب نامی خواتین نے کہا ہمارا اپنا دیسی چلبل پانڈے اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ فلم دیکھنے کے پُرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ فہد مصطفی فلم’’قائد اعظم زندہ باد‘‘میں گلاب نامی پولیس آفیسر کا کردار ادا کررہے ہیں اور ان کے ساتھ ماہرہ خان پہلی بار مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔ اس فلم کو نبیل قریشی ڈائریکٹ کررہے ہیں اور فضا علی مرزا فلم کی پروڈیوسر ہیں۔