- الإعلانات -

کیا فواد خان سلمان کی جگہ لیں سکیں گے

پاکستانی اداکار فواد خان بولی وڈ میں ایک کے بعد ایک فلم میں بہترین اداکاری سے اپنا لوہا منوا رہے ہیں اور اب قیاس آرائیاں ہیں کہ وہ دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم کا بھی حصہ بن چکے ہیں۔

بولی وڈ لائف کے مطابق سلمان خان کی آنے والی فلم ‘جگل بندی’ میں اداکار سیف علی خان کو کاسٹ کیا گیا تھا، تاہم انھوں نے اب اس میں کام کرنے سے معذرت کرلی ہے، جس کے بعد رپورٹس ہیں کہ فواد خان ان کی جگہ لیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سیف کا ارادہ ہے کہ وہ صرف ایک ہی فلم میں کام کریں، 2014 میں سیف کی فلم ‘ہمشکل’ اور 2015 میں فلم ‘فینٹم’ ریلیز ہوئی جبکہ رواں سال ان کی فلم ‘رنگون’ ریلیز کی جائے گی۔

سیف علی خان فواد سے قبل سلمان کی فلم ‘جگل بندی’ میں لندن سے تعلق رکھنے والے ایک موسیقار کا کردار ادا کر رہے تھے تاہم اب انہوں نے اس کردار سے معذرت کرلی جس کے بعد فواد خان کو اس فلم میں سائن کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ فواد نے اپنے کیرئیر کا آغاز ایک موسیقار کی حیثیت سے ہی کیا تھا، یہی وجہ ہے کہ فلم سازوں کو وہ مذکورہ فلم کے لیے سیف سے بہتر لگے۔

سمیر شرما کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں فواد کے ساتھ ساتھ انیل کپور بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ بولی وڈ کے کامیاب اداکار سلمان اور پاکستان کے کامیاب اداکار فواد ایک ساتھ کام کرکے کیا کمال دکھاتے ہیں۔