- الإعلانات -

سیمی راحیل کا پی ٹی وی کی جانب سے ایک پروگرام میں شرکت کا معاوضہ 1400 روپے دینے پر اظہار برہمی

سینئراداکارہ سیمی راحیل نے پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے ایک پروگرام میں شرکت کا معاوضہ صرف 1400 روپے ادا کرنے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔سیمی راحیل نے یوم آزادی کی مناسبت سے پی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں ان کیساتھ سلمان شاہد بھی تھے اور یہ پروگرام پی ٹی وی ورلڈ سے نشر ہوا تھا۔

سیمی راحیل نے انسٹاگرام پر چیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’’ یہ چیک اس چیز کا اعتراف ہے کہ ریاست اپنے فنکاروں کو کس قدر پیار کرتی ہے’’، 4 دہائیوں کے بعد بھی یہ عمل کس قدر خوفناک ہے۔سیمی راحیل نے کہا کہ لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ آپ پی ٹی وی پر کام کیوں نہیں کرتی پی ٹی وی پرائیویٹ چینلزکے مقابلے کا دعویٰ تو کرتا ہے لیکن وہاں سینئر فنکاروں کے ساتھ کیا سلوک ہوتا ہے اس کا اندازہ یہ چیک دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی نے اچھا کیا مذاق ہے، یہاں کسی فنکار کی کوئی عزت نہیں ہے۔یہ لوگ فنکاروں کو گاجرمولی کی طرح سمجھتے ہیں۔ سیمی راحیل نے مزید کہا کہ جو ان کے من پسند لوگ ہوتے ہیں انہیں پیسے بھی ملتے ہیں اور ایوارڈ بھی، ریما اور میرا کو تو لاکھوں روپے ملتے ہیں لیکن سینئر فنکاروں کے یہ سلوک ہورہا ہے۔