- الإعلانات -

’اسحاق ڈار جیسے کرپٹ سیاستدانوں کے نام دیوارِ بے شرمی پر لکھے جائیں‘

لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے اداکار شان شاہد نے اسحاق ڈار اور اُن جیسے تمام کرپٹ سیاستدانوں کو ملکی سیاسی تاریخ کا بدنما داغ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ دیوارِ بے شرمی بنا کر اُس پر ایسے لوگوں کے نام لکھے جائیں۔اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مفرور ملزم اسحاق ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ اپنے وجود کی گہرائی تک بے شرم ہے‘۔

اداکار نے اپنے بیان میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسحاق ڈار جیسے سیاست دانوں کو ملکی سیاسی تاریخ میں بدنما داغ تصور کرنا چاہیے۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’پاکستانی ادارے ایسے لوگوں کا سخت احتساب کریں کیونکہ ایسے لوگ نہ صرف پاکستان کو بدنام کررہے ہیں بکہ ہمارے اقدار پر سوالیہ نشان بن چکے ہیں جن کے نزیک کرپشن کرنا ہی بڑی کامیابی ہے‘۔

اداکار شان نے لکھا کہ ’بدعنوانی میں ملوث افراد کو سلاخوں کے پیچھے ڈال کر اُن سے وہ تمام جائیداد اور مال واپس لینا چاہیے جو انہوں نے اپنا ضمیر اور روح کو فروخت کر کے بنائے کیونکہ ایسے لوگوں کے جھوٹ سچ کے دامن کو تار تار کردیتے ہیں‘۔اداکار نے مطالبہ کیا کہ ایک دیوارِ بے شرمی بنا کر ایسے لوگوں کے نام اُس پر لکھے جانے چاہیں تاکہ قوم جان سکے کہ کوئی کتنا ہی مالدار کیوں نہ ہوجائے جھوٹ کی ہمیشہ ہار ہی ہوگی، اس اقدام سے ایمانداری اور سچائی کے اصل اقدار کے شعور کو عوام میں اجاگر بھی کیا جاسکے گا‘۔