- الإعلانات -

ایک کروڑ فالورز والا پہلا پاکستانی ٹک ٹاکر لڑکا کون ہے؟

لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عام صارفین بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر تھوڑے ہی عرصے میں مقبولیت حاصل کر سکتے ہیں اور ایسا ہی پاکستانی ٹک ٹاکر ذوالقرنین حیدر نے بھی کیا۔

ذوالقرنین ایک ایسے ٹک ٹاک سلیبرٹی ہیں جو مشہور پاکستانی ٹک ٹاکر جنت مرزا اور کنول آفتاب کے بعد لڑکوں میں ایک کروڑ فالورز کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے ٹک ٹاکر بن گئے ہیں۔ وجیہہ شخصیت کے مالک باصلاحیت ذوالقرنین سکندر نہ صرف کامیاب ٹک ٹاکر ہیں بلکہ وی لاگر بھی ہیں جو تھوڑے ہی عرصے میں بے پناہ مقبولیت اور مداحوں کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ذوالقرنین سکندر نے 2018 میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر تھوڑے ہی عرصے اپنی جاندار اداکاری کی بدولت مقبول ہو گئے۔ ان دنوں ذوالقرنین سکندر نجی چینل کے ڈرامے میں اداکاری کر رہے ہیں اور جلد ہی وہ ٹک ٹاک اسٹارز جنت مرزا اور علشبہ انجم کے ساتھ شارٹ فلم باباجی کی بوٹی میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔ واضح رہے کہ ذوالقرنین سکندر سے قبل پاکستانی ٹک ٹاکرز جنت مرزا اور کنول آفتاب بھی 10 ملین (ایک کروڑ) فالورز رکھنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں تاہم ذوالقرنین سنکدر مردوں میں پہلے ٹک ٹاکر ہیں جنہوں نے ایک کروڑ فالوورز حاصل کرنے کا اعزاز لیا۔