- الإعلانات -

اچھی کہانی ملی تو پاکستانی ڈرامے میں ضرور کام کروں گا، ارطغرل غازی

مشہور ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے مرکزی کردار اینگن التان کا کہنا ہے کہ اگر اچھی کہانی ملی تو پاکستان کی ڈرامہ سیریل میں ضرور کام کروں گا۔ ترکی کی ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے مشہور اداکار اینگن التان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ پاکستانی عوام مجھ سے پیار کرتے ہیں، اور اس سے بھی زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ارطغرل غازی ڈرامے کی تعریف کی۔

اینگن التان کا کہنا تھا کہ ارطغرل غازی بہت بڑی ڈرامہ سیریل تھی، یہ ایک اسلامی اسٹوری تھی جسے پاکستان میں بہت پسند کیا گیا، اگر اچھی کہانی ملی تو پاکستان کی ڈرامہ سیریل میں ضرور کام کروں گا۔پاکستان کے قدرتی حسن کی تعریف کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قدرتی خوبصورتی سے اچھی طرح واقف ہوں، لیکن میرا پاکستان کا مختصر دورہ ہے اس لئے زیادہ سیر نہیں کر سکا، یہاں کے کھانے بھی بہت لذیذ ہیں لیکن مرچیں زیادہ ہیں، میں نے کچھ نئے پراجیکٹس کے معاہدے کئے ہیں، نجی ٹیکسٹائل کا برانڈ ایمبیسڈر بن رہا ہوں۔

واضح رہے کہ اینگن التان المعروف ارطغرل غازی کو پاکستان میں بے حد پسند کیا جاتا ہے، اور وہ اس وقت نجی بزنس کمپنی کی دعوت پر مختصر دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔