- الإعلانات -

پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ایوارڈ شو کا ڈریس خود ڈیزائن کیا: کنگنا کا انکشاف

بالی وڈ کی مقبول اداکارہ کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ پہلا نیشنل فلم ایوارڈ وصول کرنے کی تقریب میں پہنا جانے والا لباس انہوں نے خود ڈیزائن کیا تھا۔ کنگنا رناوت نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے فین پیچ کا ایک ٹوئٹ ری شیئر کرتے ہوئے اپنے پہلے ایوارڈ وصول کرنے کی تقریب سے متعلق انکشاف کیا۔

کنگنا کی جانب سے ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ پہلے نیشنل ایوارڈ سے بہت سی اہم یادیں وابستہ ہیں، اور میں یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی کم عمر اداکاراؤں میں سے ایک تھی۔ کنگنا نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ میں نے اپنا ڈریس خود ڈیزائن کیا تھا کیونکہ میرے پاس کچھ خاص خریدنے کے لیے رقم نہیں تھی۔

فین پیج پر شیئر کی گئی تصویر اور ٹوئٹ میں اداکارہ کو سیاہ انارکلی لباس میں خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ سرٹیفیکٹ وصول کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ کنگنا رناوت کو نیشل فلم ایوارڈ میں بہترین معاون اداکارہ کا اعزاز بالی وڈ فلم فیشن میں شونالی گجرال کا کردار ادا کرنے پر دیا گیا تھا، فلم کی ہدایتکار مادھور بھنڈارکر تھیں جبکہ فلم کے مرکزی کرداروں میں کنگنا کے ساتھ ساتھ پریانکا چوپڑا اور مگدھا گوڈسے کو کاسٹ کیا گیا تھا۔