- الإعلانات -

کنگنا رناوت نے فلم ’کوئن‘ کیوں سائن کی تھی؟

اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے ہمیشہ خبروں کی زینت بنی رہنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی سپر ہٹ فلم ’کوئن‘ کے 7 سال مکمل ہونے پر اس فلم کو سائن کرنے کی وجہ بتائی ہے۔ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ’کوئن‘ کی ہدایت کاری وکاس بال نے دی تھی جس نے دنیا بھر سے تقریباً 200 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کیا تھا۔

فلم ’کوئن‘ کے 7 سال مکمل ہونے کے موقع پر اداکارہ کنگنا رناوت نے بتایا کہ انہوں نے یہ فلم اس لیے سائن کی تھی تاکہ وہ اس سے آنے والے پیسوں سے نیو یارک فلم اسکول کی فیس ادا کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں نے یہ فلم سائن کی تھی تو میں یہ سوچ رہی تھی کہ یہ فلم کبھی ریلیز نہیں ہو گی۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے سلسلہ وار ٹوئٹس کے ذریعے بتایا کہ میں نے نیویارک میں اسکرین رائٹنگ کی تعلیم حاصل کی جس سے میں نے 24 سال کی عمر میں کیلی فورنیا میں ایک مختصر فلم کی ہدایت دی جس نے مجھے ہالی وڈ میں کامیابی دی۔

یہ بھی پڑھیں ہیما مالنی اور سیف علی خان سمیت متعدد بالی وڈ شخصیات نے کورونا ویکسین لگوا لی

کنگنا نے بتایا کہ بعدازاں میرا کام دیکھنے کے بعد ایک بڑی نامور ایجنسی نے مجھے ایک ہدایت کارہ کی حیثیت سے نوکری دی اور پھر میں نے اداکاری کے اپنے شوق کو دفن کر دیا اور مجھ میں ہمت نہیں تھی کہ میں بھارت واپس آؤں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے لاس اینجلس میں ایک گھر بھی خرید لیا تھا اور میں امریکا میں ہی کام کرنے کا ارادہ رکھتی تھی کہ اسی دوران فلم کوئن ریلیز ہو گئی جس نے میری زندگی کو تبدیل کر دیا۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے آخر میں بتایا کہ میرے لیے کوئن صرف ایک فلم نہیں تھی بلکہ یہ میرے لیے ایک دریافت تھی اُن ساری چیزوں کے لیے جس کی میں مستحق تھی اور جسے مجھ سے 10 سال تک دور رکھا گیا تھا۔