- الإعلانات -

’انیل کپور جوان رہنے کیلئے سانپ کا خون پیتے ہیں‘، تبصرے سن کر اداکار کا زوردار قہقہہ

بالی وڈ کے سدا بہار اداکار انیل کپور کے حوالے سے یہ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ شاید وہ جوان رہنے کیلئے سانپ کا خون پیتے ہیں۔ انیل کپور حال ہی میں اداکار ارباز خان کے شو ‘پِنچ بائے ارباز خان سیزن 2’ کے مہمان بنے جہاں انہیں مداحوں کی رائے کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اس کے علاوہ انہیں سوشل میڈیا ٹرولز بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ ارباز خان کے اس ویب شو میں ایک سیگمنٹ کے دوران انیل کپور کے مداحوں نے ان کی جوانی کی تعریف کی۔ ایک مداح نے خیال ظاہر کیا کہ شاید انیل کپور سدا جوان رہنے کیلئے سانپ کا خون پیتے ہیں۔

ایک اور خاتون مداح نے کہا کہ شاید انیل کپور اپنے گھر میں پلاسٹک سرجن کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔ خود سے متعلق لوگوں کی رائے جاننے کے بعد انیل کپور نے ایک زوردار قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ ‘کیا آپ لوگوں نے انہیں پیسے دے کر یہ سب کہلوایا ہے؟’

ارباز خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ‘یہ عام لوگ ہیں، انہیں پیسے نہیں دیے گئے’۔ واضح رہے بالی وڈ کی متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے انیل کپور اس وقت 64 برس کے ہیں اور ان کی فٹنس کو مداح کافی سراہتے ہیں۔