- الإعلانات -

وہ وقت جب شوٹنگ کے دوران مادھوری کے گھر ریڈ پڑی

بالی وڈ کی سینئر ادکارہ مادھوری ڈکشٹ کا شمار ان اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جو ذاتی زندگی میں موجود کسی تناؤ کا اثر پیشہ ورانہ زندگی پر نہیں پڑنے دیتیں۔ فلم میکر راج کمار سنتوشی بھی اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں جس میں انہوں نے مادھوری کے ساتھ اس وقت کو یاد کیا جب وہ بھارت کے شہر اوٹی میں شوٹنگ کررہے تھےاور شام ہونے سے قبل مادھوری کو بنگلور سے ممبئی کے لیے فلائٹ پکڑنی تھی۔

راج کمار سنتوشی نے بتایا کہ میں مادھوری کے ساتھ اوٹی میں شوٹنگ میں مصروف تھا کہ اس دوران پروڈکشن انچارج میرے پاس آئے اور سوال کیا کہ کیا ہم 2:30 تک کام ختم کرسکتے ہیں کیوں کہ مادھوری شام تک جانا چاہتی ہیں؟ میں نے جواباًکہا میں کوشش کرتا ہوں۔ راج کمار سنتوشی کے مطابق لنچ کے دوران مجھے علم ہوا کہ مادھوری کے والد کے گھر ریڈ پڑی ہے لہٰذا مادھوری پریشان ہیں جب کہ اس وقت اداکارہ کی والدہ شوٹ پر ہمارے ساتھ موجود تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ مادھوری اس ٹینشن کے باجود کامیڈی سین شوٹ کروارہی تھیں، انہوں نے ہدایت کار کو یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ اس وقت تناؤ یا کسی دباؤ کا شکار ہیں۔ راج کمار سنتوشی کا کہنا تھا کہ اگر میں شوٹنگ میں تاخیر کردیتا تو مادھوری کی فلائٹ بھی نکل سکتی تھی لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہم سے خود سے اس مشکل کا ذکر نہیں کیا اور نہ ہی شوٹنگ کے دوران کوئی تناؤ محسوس کروایا۔