- الإعلانات -

حسن احمد اداکارہ ایمن منیب سے معافی مانگنے پر مجبور ہوگئے، ویڈیو وائرل

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار حسن احمد نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں وہ اداکارہ ایمن منیب سے معافی مانگتے نظر آ رہے ہیں۔

حسن احمد نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ’’گزشتہ دنوں ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں، میں نے ایمن اور منیب کو کچھ کہا۔ میں اپنا دفاع نہیں کرنا چاہتا اور نہ ہی میں اپنا دفاع کر رہا ہوں مجھے ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا میں ایمن اور منیب سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، آپ دونوں ہمیشہ سلامت رہیں‘‘۔

اداکارنے مزید کہا کہ ’’ ساتھ ہی میں اذان سمیع خان سے بھی معافی مانگنا چاہتا ہوں میں نے ان کے بارے میں بھی کچھ ایسا کہا جو مجھے نہیں کہنا چاہیے تھا، سب کو خدا کی طرف سے مواقع ملتے ہیں میں نے جو بھی کہا وہ منفی سوچ اور جلن ظاہر کرنے کے مترادف ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے‘‘، انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے صحیح کہا، اَ ن اورگینک نہیں اِن اورگینک ہوتا ہے‘‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیاپر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں حسن احمد نے آغا علی اور حنا الطاف کے شو کے دوران کہا تھا کہ’’ ایمن منیب کے فالوورز اصلی نہیں بلکہ فیک ہیں اور گلوکار عدنان سمیع کے بیٹے اذان سمیع کو اداکاری نہیں آتی انہیں اداکار نہیں ہونا چاہیے‘‘۔ اداکار کے اس بیان کے بعد اس شو کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد انہیں صارفین کی جانب سے خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اب اس پر ردِعمل دیتے ہوئے حسن احمد نے ایمن منیب اور اذان سمیع سے معافی مانگی۔

اداکارہ ایمن منیب نے حسن احمد کی اس ویڈیو پر کمنٹ کرتےہوئے کہا کہ ’’آپ کو معافی مانگنے کی ضرورت نہیں تھی میں جانتی ہوں آپ بہت اچھے انسان ہیں‘‘۔