- الإعلانات -

عدنان صدیقی کا بھارتی فنکاروں کی آمد پر تقریب میں شرکت سے انکار

اداکار عدنان صدیقی نے امریکا میں ہونے والی تقریب میں بھارتی فنکاروں کی آمد کی اطلاع پا کر مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔

امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن(اے پی پی این اے) نے امریکی ریاست نیو جرسی میں 13 تا 17 جولائی ایک تقریب کا اہتمام کیا ہے جس میں شرکت کے لیے کئی پاکستانی اداکار مدعو ہیں، تاہم اس کے ساتھ بھارت کے بھی کئی فنکاروں کو بلایا گیا ہے۔ اس پرعدنان صدیقی نے ٹوئٹ کیا اور تقریب میں شرکت سے معذرت کا اظہار کیا۔

اداکار کی ٹوئٹ کے مطابق وہ دنیا بھر کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ’اے پی پی این اے‘ کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گےکیونکہ اس کے لیے چند بھارتی فنکاروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں فنکاروں کے خلاف نہیں مگر میرا ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ ہندو لیڈروں کے ہاتھوں نبیﷺ کی توہین کو نظر انداز کردوں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل ہندوستانی حکمران جماعت بی جے پی کی رہنما نوپور شرما نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نا زیبا الفاظ کہے تھے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں نے سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا۔