- الإعلانات -

لاہور میں فائرنگ سے اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ شدید زخمی

لاہور: ہربنس پورہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ شدید زخمی ہوگئیں جب کہ ملزمان ان کا موبائل فون اور چین بھی چھین کر فرار ہوگئے۔

اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ اپنی گاڑی میں محافظ کے ہمراہ ہربنس پورہ میں واقع اپنے گھر جارہی تھیں کہ انہیں موٹرسائیکل پر سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، ملزمان نے قسمت بیگ کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ادکارہ شدید زخمی ہوگئیں جب کہ ان کا محافظ بھی زخمی گیا، ملزمان اداکارہ کا موبائل فون اور چین لے کر فرار ہوگئے۔

واقعہ کے بعد اداکارہ کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ ادکارہ کی جان بچانے کی تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں تاہم ابھی ان کی صحت کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

دوسری جانب قسمت بیگ کےخاندانی ذرائع کا کہنا ہےکہ اداکارہ پر اس سے قبل بھی دو بار حملہ ہوچکا ہے اور اس بار بھی فائرنگ کے نتیجے میں انہیں 3 گولیاں لگیں جو کوئی ڈکیتی کی واردات نہیں بلکہ اداکارہ کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اکٹھا کرکے واقعہ کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے جب کہ اداکارہ کے محافظ کا بھی بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔