- الإعلانات -

جنید جمشید کی شہادت پر پوری دنیا میں افسوس کا اظہار

اسلام آباد : جنید جمشید کی شہادت پر پوری دنیا افسوس میں ہے ،  ان کے لاکھوں پرستار غم میں ڈوبے ہوئے ہیں  جبکہ مختلف اخباروں  میں بھی ان کی خدمات  پر لکھا  اور انکی ناقابلِ فراموش کام کو سراہا گیا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق شوبز کی چکا چوند کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی اسلام کے لئے وقف کردینے والے اسٹار جنید جمشید کی ناگہانی موت نے دنیا بھر میں ان کے پرستاروں کو سوگوار کردیا ہے۔ان کی موت پر دنیا بھر کے معروف اخبارات نے شہہ سرخیوں میں ان کا ذکر کیا اور ان کی زندگی کا احوال بیان کیا۔

ہندوستان ٹائمز نے جنید جمشید کی مختصر زندگی کا احوال بیان کرتے ہوئے لکھا کہ 52 سالہ جنید جمشید تبلیغی جماعت کے نمایاں اور معروف ترین رکن تھے جو کہ تبلیغی سرگرمیوں کے بعد چترال سے واپس آتے ہوئے اپنی اہلیہ کے ساتھ طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

انڈین ایکسپریس نے لکھا کہ ابتدائی طور پر انجن میں خرابی کو حادثے کی وجہ کہا گیا مگر اب بھی متعدد سوالات کے جوابات ملنا باقی ہیں، رپورٹ کے مطابق طیارے میں جنید جمشید کی موجودگی کی خبر کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر بہت زیادہ ردعمل سامنے آیا جو ان کی مقبولیت کا ثبوت تھا اور وہ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

برطانوی روزنامےڈیلی میل نے لکھا کہ جب انہوں نے گلوکاری چھوڑی تو ان کے متعدد پرستار ان کے ناقد بن گئے، تاہم جنید جمشید نے اس کی پروا نہیں کی اور موسیقی کے آلات کو حرام سمجھتے ہوئے حمد و نعت پر توجہ دینا شروع کردی، اسی طرح وہ ٹی وی پروگرامز میں بھی آتے تھے اور انہیں مغربی طرز زندگی چھوڑ کر اسلام کی جانب آنے کے حوالے سے رول ماڈل کہا جاتا تھا۔