- الإعلانات -

میر تقی میر کی زندگی پر بننے والی فلم ’ماہِ میر‘ کی ریلیز نومبر میں متوقع.

فلم ’منٹو‘ کی شاندار کامیابی کے بعد ایسا لگتا ہے کہ یہ سال ادبی شخصیات پر بننے والی فلموں کیلئے بہت عمدہ ہے۔ایسی ہی ایک اور فلم ’ماہِ میر‘ کی ریلیز نومبر میں متوقع ہے۔مشہور اردو شاعر میر تقی میر کی زندگی پر بننے والی ’ماہِ میر‘ کے مرکزی اداکار فہد مصطفی نے ڈان کو بتایا کہ فلم مکمل ہو چکی ہے اور اسے 6 یا 15 نومبر کو ریلیز کیا جا سکتا ہے۔ہدایت کار انجم شہزاد کی ڈیبیو فلم میں ایمان علی، صنم سعید اور منظر صہبائی بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جبکہ کہانی نامور مصنف سرمد صہبائی نے لکھی ہے۔یہ فلم دونوں عیدوں کے درمیانی عرصے میں ریلیز کیلئے شیڈول تھی ، تاہم باکس آفس پر خصوصی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس کی ریلیز میں تاخیر کر دی گئی۔اس فلم کے گزشتہ سال جاری ہونے والے ٹریلر میں ایمان اور ان کے دیوانے کا کردار ادا کرنے والے فہد کے انتہائی خوبصورت مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔فہد نے بتایا کہ ان دنوں کئی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں اور ایسے میں ضروری تھا کہ ہماری فلم کو مناسب وقفہ ملے۔عاصم رضا کی ’ہو من جہاں‘ محرم کے بعد ریلیز کیلئے شیڈول ہے اور ایسے میں دونوں فلموں میں ٹکراؤ ممکن ہے۔ تاہم، دونوں مختلف نوعیت کی فلمیں ہیں لہذا یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ ‘ماہ میر’ کو اس کاجائز مقام ملے گا۔