- الإعلانات -

’رنگریزا‘ کا متاثر کن ٹریلر سامنے آگیا

پاکستان کی میوزیکل فلم ’رنگریزا‘ کا پہلا ٹریلر آخر کار ریلیز کردیا گیا، جس کا انتظار مداح طویل عرصے سے کررہے تھے۔

اس فلم کی کہانی موسیقی پر مبنی ہے، جس کے گانوں نے شائقین کی خوب توجہ سمیٹی، تاہم اب فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ اس کی کہانی میں موسیقی کے علاوہ اور بھی بہت کچھ ہے۔

اس فلم کا ٹریلر گزشتہ رات ایک شاندار تقریب کے دوران ریلیز کیا گیا، جس میں فلم کے تمام اداکار شریک تھے۔

فلم ’رنگریزا‘ میں بلال اشرف نے ایک راک اسٹار کا کردار ادا کیا، جس کے بہت سے مداح ہیں، تاہم ریشمی (عروہ حسین) ان سے بالکل متاثر نہیں، جس کے بعد ان کی رومانوی کہانی کا آغاز ہوتا ہے۔

ٹریلر کے آغاز کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوا کہ فلم کی کہانی بولی وڈ فلم ’عاشقی 2‘ کی نقل ہے تاہم گوہر رشید کے کردار ’وسیم‘ کے ٹریلر میں نظر آتے ہی اندازہ ہوگیا کہ یہ فلم ’عاشقی 2‘ کی نقل نہیں ہوگی۔

فلم میں گوہر رشید کے کردار نے بےحد متاثر کیا، وہ پہلی مرتبہ اس قسم کے انوکھے کردار میں نظر آئیں گے۔

فلم ’رنگریزا‘ کو اب تک کی مہنگی ترین پاکستانی فلم کہا جارہا ہے، جس کی ہدایات عامر محی الدین نے دی ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں اکبر سبحانی، سلیم معراج، تنویر جمال اور شاہد نقوی بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ فلم کے چند گانے اور ٹیزر بھی ریلیز کیا جاچکا ہے، جس نے کافی حد تک لوگوں کو متاثر کیا تھا۔

فلم کا پہلا گانا ’پھول کھل جائیں‘ عابدہ پروین اور اسرار شاہ نے گایا تھا، جس کی شاندار موسیقی نے ہر کسی کی داد وصول کی تھی۔

’رنگریزا‘ رواں سال 21 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔