- الإعلانات -

کینسر نے زندگی سے پیار کرنا سکھایااور جینے کی امنگ پیدا کی،منیشا کوئرالہ

ممبئی:اداکارہ منیشا کوئرالہ کینسر جیسے موذی مرض سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو کر ایک مرتبہ پھر سے بولی ووڈ کی روشنیوں میں لوٹ آئی ہیں۔منیشا کوئرالہ میں پہلی مرتبہ 2012ءمیں ڈاکٹروں نے اووری کے کینسر کی تشخیص کی تھی۔ اداکارہ نے حال میں ’کٹنگ کینسر ڈاون ٹو زیرو‘ کے اجلاس میں شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر نے انھیں زندگی سے پیار کرنا سکھایا ، ان کے اندر جینے کی امنگ پیدا کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ جب وہ بے حد کمزور ہو چکی تھیں اس وقت میڈیکل چیک اپ کیلئے کھٹمنڈو کے ایک ہسپتال گئیں جہاں ان پر یہ راز افشاں ہوا کہ وہ موذی مرض میں مبتلا ہو چکی ہیں۔45سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بیماری کا پتہ چلنے پر پہلی فرصت میں ممبئی پہنچیں اور علاج کرانے لگیں۔ بعد ازاں وہ بیماری شدت کے پیش نظر امریکہ روانہ ہو گئیں۔ دل سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ امریکی ڈاکٹر ہمارے ہاں کے ڈاکٹروں کے مقابلے میں مریض کاکہیں ذیادہ خیال رکھنے اور علاج کرنے میں بہت آگے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ انھیں ڈاکٹروں کی طرف سے دوسال پہلے کینسر فری قرار دے دیاجا چکا ہے۔